پاک فوج توڑنے کے عالمی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے شیخ رشید

پرویز مشرف کا ٹرائل ہونا ہے تو پھر ضیا الحق پیراشوٹ سے نیچے نہیں اترا تھا


Monitoring Desk November 21, 2013
سانحہ راولپنڈی کے کسی مجرم کو چھوڑنا نہیں چاہیے ، پروگرام’’ ٹو دی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو۔۔ فوٹو: فائل

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی ایک سازش تھی اور یہ لڑائی عراق ترکی شام سے ہوتی ہوئی یہاںآن پہنچی ہے، فوج کوتوڑنے کا عالمی ایجنڈہ ہے جس پر کام کیا جارہا ہے۔

حکومت پرویزمشرف کے خلاف ٹرائل نہیں کررہی بلکہ وہ آنے والوں کو پیغام دے رہی ہے کہ ملک میں جمہوریت ہے اور خبردارکوئی غیر جمہوری کام نہیں ہونا چاہیے،اگر پرویزمشرف کا ٹرائل ہونا ہے تو پھر ضیا الحق کوئی پیراشوٹ سے نیچے نہیں اترا تھا،ملک میں آگ لگی ہوئی ہے مساجد اور امام بارگاہیں جلائی جارہی ہیں، جن لوگوں نے راولپنڈی میںاملاک کو جلایا وہ مقامی نہیں تھے۔ اس سانحے میں ملوث کسی مجرم کو چھوڑنا نہیں چاہیے۔ ایکسپریس نیو زکے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا سانحہ راولپنڈی کے بعد پریس کانفرنس نہ کرتا تو اشتعال مزید بڑھ جاتا، حکومت میرا مشکور ہونے کے بجائے مجھ پر ملبہ ڈال رہی ہے، میں نے ٹی وی پرآکر سیاست نہیں چمکائی میں راولپنڈی کا فرزند ہوں بعد میں پاکستان کا فرزند ہوں میں اس شہر کی گلی گلی کوچے کوچے اور ہر شہری کو جانتا ہوں۔



اس ملک کا مسئلہ شیخ رشید نہیں ہے،مسئلہ پرویز مشرف کو پھانسی دینا نہیں ہے اگر اس کو پھانسی دینے سے مسائل حل ہوتے ہیں تو ضرور دیں لیکن اس سے بڑھ کر مسئلے موجود ہیں، مہنگائی بے روزگاری غربت دہشتگردی پہلے ان کو پھانسی دینی ہوگی،اگر اس ملک کو بچانا نہیں سیاست کے نام پر غریبوں کا خون ہی ضائع کرنا ہے تو پھر ایسی سیاست کا کیا فائدہ ۔ اس کرفیو سے میری آنکھ کھل گئی ہے میں سمجھتا تھا میرے شہرکے لوگ آٹے کا توڑا گھی کا ٹین خرید سکتے ہیں لیکن میں نے لوگوں کو ایک ایک 2،2کلو آٹا لاتے دیکھا اور مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ اس وقت ٹی ٹی پی حکومت سے مذاکرات تو نہیں کررہی، اگر خدانخواستہ جمعے کو کوئی بڑاسانحہ ہوا تو جمہوری حکومتیں ہوا کے پتوں کی طرح ثابت ہوں گی۔آئین کے مطابق وزیراعظم کسی کو بھی آرمی چیف بناسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں