کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی 19 زخمی

دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جائے وقوعہ پر موجود موٹرسائیکل بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی


ویب ڈیسک November 21, 2013
دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن۔ فوٹو: فائل

سرکی روڈ پر زور دار دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید دو زخمی چل بسے، زخمیوں میں 3 ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا جب کہ جائے وقوعہ پر موجود موٹرسائیکل بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب شرپسندوں نے علی الصبح چمن میں عید گاہ چوک کے قریب دھماکا کیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا جبکہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں اور قریب کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، دھماکے سے زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

بعد ازاں کوئٹہ میں شام کے وقت بھی نواحی علاقے کچلاک بازار میں مسجد کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں