امریکانےڈرون حملوں کا سلسلہ خیبرپختونخواتک بڑھادیا ہنگو میں مدرسے پر میزائل حملے سے8 افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں مولوی حمید اللہ اور مولوی احمد جان بھی شامل ہیں، جن کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے بتایا گیا ہے


ویب ڈیسک November 21, 2013
امریکی ڈرون حملے میں مدرسہ مفتاح القرآن پر چار میزائل داغے گئے ۔ فوٹو ایکسپریس نیوز

تحصیل ٹل میں اسلامی مدرسہ مکتبہ دارالعلوم پر امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے علی الصبح ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے ٹنڈرو میں مدرسہ مفتاح القرآن کو نشانہ بنا کر 4 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ مدرسے کی عمارت بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جاں بحق ہونے والوں میں مولوی حمید اللہ اور مولوی احمد جان بھی شامل ہیں، جن کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے بتایا گیا ہے۔ حملے کے بعد مقامی افراد کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

امریکا گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان کے قبائلی اور نیم قبائلی علاقوں میں سیکڑوں میزائل حملے کرچکا ہے تاہم یہ پہلا حملہ ہے جو خیبر پختونخوا کے کسی علاقے میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے قائمہ کمیٹی برائے امورخارجہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھاکہ امریکی کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اب پاکستان میں ڈرون حملوں کے ذریعے مذاکرات کا عمل متاثر نہیں کیا جائے گا تاہم سرتاج عزیز کے بیان کے ایک روز بعد ہی امریکا نے ڈرون حملہ نہ کرنے کے وعدے کی دھجیاں اڑادیں۔ اس سے پہلے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملے کئے جاتے، خیبر پختونخوا کے بندوبستی علاقے پر یہ پہلا امریکی ڈرون حملہ ہے۔

دوسری جانب ہنگو ڈرون حملے کے بعد دفتر خارجہ نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ دفترخارجہ سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملوں کے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، اس قسم کے حملے ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ڈرون حملے مستحکم پاکستان اور امن کیلئے کی گئی حکومتی کوششوں کیلئے نقصان دہ ہیں، حملوں مں معصوم انسانی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |