چلو جاہل بن جائیں

چلو جاہل بن جائیں۔ صدیوں پہلے کے زمانے میں چلے جائیں۔ بے خبر بن جائیں کہ بے خبری بہادری کی...

03332257239@hotmail.com

چلو جاہل بن جائیں۔ صدیوں پہلے کے زمانے میں چلے جائیں۔ بے خبر بن جائیں کہ بے خبری بہادری کی ماں ہوتی ہے۔ اناڑی بن جائیں۔ لکھے پڑھے نہ ہوں۔ کوئی خط نہ پڑھ سکیں۔ نادان بن جائیں کہ کچھ سمجھ ہی نہ سکیں۔ احمق بن جائیں کہ کوئی خبر ہی نہ ہو۔ کسی دنیا سے واقف نہ ہوں۔ اندھے، گونگے اور بہرے بن جائیں۔ نہ کچھ دیکھ سکیں، نہ بول سکیں اور نہ کچھ سن سکیں۔ عرب کے بدّو بن جائیں کہ آٹھ مہینے بد امنی تو چار مہینے تو امن پا سکیں۔

چلو جاہل بن جائیں اور تھوڑے سے ''بے شرم'' بھی۔ ''لڑکیوں کو پیدا ہوتے ہی زندہ زمین میں دفن کردیں'' وہ بڑی ہوکر غیرت کے نام پر قتل تو نہ ہوں۔ کارو کاری کے عنوان سے موت کے گھاٹ تو نہ اتاری جائیں۔ دیہاتوں اور شہروں میں بے آبرو تو نہ ہوں۔ بس اسٹاپ پر ستائی تو نہ جائیں۔ ٹرینوں میں بے آبرو تو نہ ہوں۔ جہیز نہ لانے پر جلائی تو نہ جائیں۔ غربت میں بیاہ کر شوہر کے طنز و ساس نندوں کے طعنے تو نہ سنیں۔ دفتروں میں بے حیا نگاہوں کا نشانہ تو نہ بنیں۔ اشتہارات میں ماڈل بن کر بکنے کا سامان تو نہ بنیں۔

چلو جاہل بن جائیں۔ کسی آقا کے غلام بن جائیں۔ بے روزگاری کے ڈر سے نجات پائیں۔ چھانٹی کے خدشے سے آزاد ہو جائیں۔ روزی روٹی کی فکر سے خلاصی پائیں۔ تنخواہ میں اضافے کے لیے احتجاج نہ ہو۔ نکالے جانے پر ہڑتال نہ ہو۔ پریس کلب پر مظاہرہ نہ ہو۔ میڈیا کوریج کی فکر نہ ہو۔ گولڈن شیک ہینڈ کا جھگڑا نہ ہو۔

چلو جاہل بن جائیں۔ کھیت میں اونٹ کے گھسنے پر جانور کو مار دیں۔ پھر اس کے مالک کے ہاتھوں تلوار کا نشانہ بنیں۔ کلاشنکوف سے تو بچ جائیں۔ اہل خانہ کی موت کا خطرہ تو ٹل جائے۔ گھر کے بم سے اڑنے کے خدشے سے تو بچ جائیں۔ پھر عدالت سے جلد فیصلہ تو پائیں۔

چلو جاہل بن جائیں۔ لٹنے کے خطرے سے بچ جائیں۔ بھتہ خوروں سے نجات پائیں۔ ان کی پرچیوں کا ڈر نہ رہے۔ ان کی گولیوں کا خوف نہ ہو۔ اس کے فون آنے پر تشویش نہ ہو۔ دستی بم کا خطرہ نہ ہو۔ اغوا کا دھڑکا تو نہ ہو۔ گاڑیوں پر فائرنگ کا خدشہ نہ ہو۔ نیندیں تو نہ اڑ جائیں۔ رشتے داروں کو تاوان کی رقم کے انتظام کی فکر نہ ہو۔ بیوی بچوں کو شہر سے دور بھیجنے کی ٹینشن نہ ہو۔

چلو جاہل بن جائیں۔ واپس اونٹ، گدھوں اور گھوڑوں کے دور میں چلے جائیں۔ پٹرول کی قیمت میں اضافے کا ڈر نہ ہو۔ گیس نہ ملنے کی فکر نہ ہو۔ سی این جی کی قطار نہ ہو۔ سر چارج کی فکر نہ ہو۔ ہڑتال کا غم نہ ہو۔ جلسے جلوس کی پڑتال نہ ہو۔ راستے بند ہونے کی تشویش نہ ہو۔ ڈیزل اور جنریٹر کی فکر نہ ہو۔


چلو جاہل بن جائیں۔ صدیوں پہلے کے زمانے میں رہنے لگیں۔ ریڈیو، ٹی وی سے پاک ہو جائیں۔ کنوئیں کی دنیا کے مینڈک بن جائیں۔ اخبارات کی خبروں سے نجات پائیں۔ حکمران کی کرپشن کی کوئی خبر نہ ہو۔ افسروں کی عیاشیوں کی کوئی اطلاع نہ ملے۔ وزیروں کے بچوں کے بڑھتے بینک بیلنس سے لاپتہ رہیں۔ ہر فکر و غم سے آزاد رہیں۔

چلو جاہل بن جائیں۔ ایسی دنیا میں بس جائیں جہاں بجٹ کا نام و نشان نہ ہو۔ گرانی کی گرد تک ہم پر نہ پڑے۔ افراط زر کا ذکر نہ ہو۔ شیر و بکری ایک گھاٹ پانی پئیں۔ بڑھتی قیمتوں کا ڈر نہ ہو۔ آخری تاریخوں کا خوف نہ ہو۔ اسکول فیس کی فکر نہ ہو۔ کورس کی تلوار نہ ہو۔ ڈالر روپے کا موازنہ نہ ہو۔

چلو جاہل بن جائیں۔ صدیوں پہلے کے جوان بن جائیں۔ رزلٹ کا خدشہ نہ ہو۔ ڈگری کی ٹینشن نہ ہو۔ نوکری کا ذکر نہ ہو۔ سواری کی پرابلم نہ ہو۔ فائرنگ کی فکر نہ ہو۔ اسٹیٹس کا جھنجھٹ نہ ہو۔ "Knowledge is Curse" کا نعرہ ہو۔ ''کیا علم وبال ہے'' کا سوال ہو۔

چلو جاہل بن جائیں۔ 500 سال پہلے کے حکمران بن جائیں۔ نہ ووٹر لسٹ کی بات ہو نہ الیکشن کا خوف ہو۔ نہ مینڈیٹ کا خدشہ ہو اور نہ مقبولیت کا گراف گرنے کا طعنہ ہو۔ نہ میڈیا کا دبدبہ ہو اور نہ عدالت کا سو موٹو ہو۔ نہ پانچ سال کی معیاد ہو۔ کوئی بادشاہ، کوئی سلطان، کوئی خلیفہ، کوئی کنگ بن جائیں۔

چلو جاہل بن جائیں۔ تھوڑے کم جاہل ہی سہی۔ نصف صدی قبل کے پاکستان میں چلے جائیں۔ ٹی وی سے آزاد ہوں۔ کمپیوٹر سے بے خبر ہوں۔ موبائل فون سے ناآشنا ہوں۔ نیٹ کی خبر ہو نہ ٹویٹر کی۔ تیز رفتار گاڑیوں سے نجات ہو۔ پیدل جاتے ہوں پیدل آتے ہوں۔ اخبار میں سنسنی خیزی نہ ہو۔ قتل و غارت کی خبریں نہ ہوں۔ قومیت و لسانیت کا ذکر نہ ہو۔ فرقہ واریت کی جنگ نہ ہو۔ بھتہ خوری کا نام نہ ہو۔

چلو جاہل بن جائیں۔ پچیس سال پہلے کی دنیا کے باسی بن جائیں۔ ٹی وی پر ایک خبرنامہ دیکھتے ہوں۔ 8 بجے والے ڈرامے سے خوش ہوتے ہوں۔ سیاسی بحث کرتے ہوں۔ وی سی آر پر فلمیں دیکھتے ہوں۔ کلاشنکوف کا ٹرف نام ہی سنا ہو۔ کرپشن کا ذکر ہی کیا جاتا ہو۔ آمریت جمہوریت کھیلتے ہوں۔ سادگی مین مگن ہوں۔

چلو جاہل بن جائیں۔ کسی بھی دور میں چلے جائیں۔ کسی بھی زمانے کا رخ کریں۔ آج کی دہشت گردی سے بچ جائیں۔ قوم پرستی اور فرقہ پرستی سے نجات پائیں۔ بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں سے بچ جائیں۔ بم دھماکوں اور ڈرون حملوں سے نجات پائیں۔ کچھ پائیں نہ پائیں سکون تو پائیں۔ Ignorance is Bliss کا محاورہ دہرائیں۔ ''جہالت ایک نعمت ہے'' کا نعرہ لگائیں۔ چلو...جلدی کرو..... جاہل بن جائیں۔
Load Next Story