کوئٹہ میں خودکش حملہ 8 افراد جاں بحق اور 19 زخمی

ایک کم عمر نوجوان نے ریلی میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کے روکنے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، ڈی آئی جی کوئٹہ

دھماکے کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، پولیس۔ فوٹو : ٹوئٹر

پریس کلب کے قریب شارع اقبال پر خودکش حملے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب شارع اقبال پر خودکش حملے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جب کہ 19 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا، ترجمان سول اسپتال نے دھماکے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں میں مزید افراد کی حالت تشویشناک ہے جب کہ سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور آس پاس کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جب کہ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔


ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شارع اقبال پر ہونے والا دھماکا خودکش تھا جو ریلی میں ہوا، ریلی کے شرکاء کو سیکورٹی دی گئی تھی اور علاقہ بند کیا تھا، ایک کم عمر نوجوان پیدل آیا جسے پولیس نے روکا تاہم روکے جانے پر نوجوان نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے جان پر کھیل کر مبینہ خودکش حملے کو روکنے کی کوشش کی، شہداء کی تعداد 8 ہے جن میں 2 پولیس اور ایک لیویز اہلکار بھی شامل ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ میں بم دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد سخت ترین سزا کے مستحق ہیں جب کہ شہر کی سیکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائے۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے دھماکے کی مذمت کی اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
Load Next Story