پاکستانی حکام کی ووہان میں پھنسے پاکستانی طلباء سے ملاقات

کرونا وائرس سے متاثرہ شہروں میں مقیم تمام پاکستانی خیریت سے ہیں، پاکستانی سفارتخانہ


ویب ڈیسک February 18, 2020
کرونا وائرس سے متاثرہ شہروں میں مقیم تمام پاکستانی خیریت سے ہیں، پاکستانی سفارتخانہ۔ فوٹو : دفتر خارجہ

پاکستانی سفارتخانے کی 2 رکنی اسپیشل ٹاسک فورس نے ووہان میں پاکستانی طلباء سے ملاقات کی ہے۔

بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی 2 رکنی اسپیشل ٹاسک فورس ووہان پہنچ گئی جہاں انہوں نے 4 یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلباء سے ملاقاتیں کیں، ٹاسک فورس کے ارکان کل مزید 3 یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلباء سے ملیں گے۔ 2 رکنی ٹاسک فورس میں سفارتخانے کے تھرڈ سیکریٹری جنید اور تعلیمی اتاشی سلیمان شامل ہیں۔

پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چاروں یونیورسٹیوں میں تمام پاکستانی طلباء محفوظ اور صحتمند ہیں۔ ٹاسک فورس مستقل طور پر ووہان میں تعینات کردی گئی ہے جو چینی حکام کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔



سفارتخانے کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ شہروں میں مقیم تمام پاکستانی خیریت سے ہیں اور انہیں چینی حکومت کی جانب سے ماسک، خوراک، پانی اور دوسری تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق گوانگ شہر میں 3 اور ووہان میں ایک پاکستانی متاثرہ طالب علم مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں جنہیں اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ سفارتخانے نے پاکستانی طلبا کی سہولت کے لئے 2 ہاٹ لائن بھی قائم کی ہیں جن کے نمبرز 18501322992 اور 13167543373 ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں