پی ایس ایل 5 کی چمچماتی ٹرافی آج کپتانوں کو مکھڑا دکھائے گی

نیشنل اسٹیڈیم میں احسان مانی فرنچائز مالکان کے ہمراہ میڈیا کانفرنس کرینگے


اسپورٹس رپورٹرز February 19, 2020
سخت حفاظتی حصار قائم، 10 لاکھ ڈالرزانعامی رقم کا اعلان، چیمپئن ٹیم 5، رنرزاپ 2 لاکھ کی حقدار ہوگی،کوچزکوپلیئرز سے عمدہ کارکردگی کی امیدیں ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

PESHAWAR: ایچ بی ایل پی ایس ایل 5کی چمچماتی ٹرافی بدھ کے روز کپتانوں کو مکھڑا دکھائے گی جب کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تقریب کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی فرنچائز مالکان کے ہمراہ میڈیا کانفرنس کریں گے۔

پی ایس ایس 5 کیلیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، انتظامات کو حتمی شکل دینے کا سلسلہ جاری ہے،جمعرات کو کراچی میں رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہونے والے ایونٹ سے قبل بدھ کو چمچماتی ٹرافی کی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تقریب رونمائی ہوگی، اس موقع پر تمام 6ٹیموں کے کپتان موجود ہوں گے، تقریب کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی تمام فرنچائز مالکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے۔

پشاور زلمی، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایونٹ سے قبل آخری پریکٹس سیشن بھی ہو گا،نیشنل اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کی میزبانی کیلیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، وینیوز کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم کردیا گیا،میدانوں میں براڈ کاسٹرز اپنی تنصیبات سیٹ کررہے ہیں، اشتہاری بورڈ بھی اسٹیڈیمز کا ماحول رنگین بنانے لگے۔

دریں اثنا پی ایس ایل 5 کیلیے 10 لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کردیا گیا،ٹائٹل کی فاتح ٹیم ٹرافی کے ہمراہ 5 لاکھ امریکی ڈالرزکی حقدار ٹھہرے گی، رنرزاپ کو 2 لاکھ ڈالرز ملیں گے، ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو4500 ڈالرز دیے جائیں گے،80 ہزار ڈالرز کی رقم ایونٹ کے بہترین کھلاڑی،بیٹسمین، بولر اور اسپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈزجیتنے والوں میں برابر تقسیم ہوگی، باقی رقم ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کیچ، رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔ دوسری جانب کوچز نے اپنی ٹیموں سے عمدہ کارکردگی کی امیدیں وابستہ کرلی ہیں۔

ہیڈ کوچ اسلام آباد یونائیٹڈ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی اپنے کردار سے بخوبی آگاہ اور تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلیے پُرعزم ہیں، انھوں نے کہا کہ لیوک رونکی اور آصف علی کی موجودگی میں اسلام آباد کی بیٹنگ لائن اپ ایونٹ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے، شائقین کولن منرو، کولن انگرام اور ڈیل اسٹین کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں، ڈیل اسٹین کی ایونٹ میں شرکت نوجوان فاسٹ بولرز کیلیے مفید ثابت ہوگی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان نے کہاکہ ہم ٹائٹل کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، پیسرز نسیم شاہ اور محمد حسنین کے ساتھ اعظم خان کا شمار بھی کوئٹہ کے 3 بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، تینوں کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے کہاکہ تاحال لیگ کے بہترین بیٹسمین کامران اکمل اور بیسٹ بولر وہاب ریاض کو اسکواڈ میں برقرار رکھنا ہماری حکمت عملی کا واضح اشارہ ہے۔ ٹام بنٹن بھی پشاور زلمی اور دیگر ٹیموں کے درمیان واضح فرق ثابت ہوں گے۔

ہیڈ کوچ کراچی کنگز ڈین جونز نے کہا کہ میں اویس ضیا، ارشد اقبال، عمر خان اور اسامہ میر کی صلاحیتوں کا مداح ہوں۔

ہیڈ کوچ ملتان سلطانز اینڈی فلاورنے کہاکہ اسکواڈ میں شامل روحیل نذیر اور محمد الیاس عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید متوازن کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ کرس لین اور فخر زمان کی موجودگی میں ہماری بیٹنگ مضبوط ہوگی، مڈل آرڈر میں محمد حفیظ اور بین ڈنک میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف بھی باصلاحیت ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔