کورونا وائرس سے 2 ہزار ہلاکتیں روس میں چینی شہریوں کے داخلے پر پابندی

کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 75 ہزار ہوگئی، چینی حکام


ویب ڈیسک February 19, 2020
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 75 ہزار ہوگئی، چینی حکام فوٹو:فائل

SAO PAULO: چین میں ناول کورونا وائرس سے مزید 136 افراد ہلاک ہوگئے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 2004 سے زیادہ ہوگئی جبکہ روس نے چینی شہریوں کے داخلے پر پابندی لگادی۔

چین کے محکمہ قومی صحت کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ ہوبئی میں ہوئیں جو کورونا وائرس کی وبا کا مرکز ہے۔ چینی حکام نے بتایا کہ مزید 1749 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے باعث متاثرہ افراد کی تعداد 75 ہزار ہوگئی ہے۔

روس نے 20 فروری سے ملک میں چینی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ماسکو حکومت نے کہا کہ ملازمت، تعلیم، سیاحت یا نجی دورے پر روس آنے والے چینی شہریوں کے داخلے پر کل سے عارضی پابندی عائد کردی جائے گی اور صورتحال بہتر ہونے پر یہ پابندی ختم کردی جائے گی۔

وزیراعظم میخائیل میشوسٹن نے حکم نامہ پر دستخط کردیے ہیں جس کے نتیجے میں چینی شہریوں کو ویزے کا اجرا غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا ہے۔ روس میں دو چینی شہریوں میں اس وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ جاپان میں ڈائمنڈ پرنسس بحری جہاز پر ایک روسی خاتون کورونا سے متاثر ہوگئی ہے۔

روس چینی شہریوں پر پابندی لگانے والا پہلا ملک ہے جس کے نتیجے میں اس کے اپنے قریبی اتحادی بیجنگ حکومت سے تعلقات کشیدہ بھی ہوسکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان 2019 میں 110 ارب ڈالر کی تجارت ہوئی تھی اور روس نے 23 لاکھ چینی شہریوں کو ویزے جاری کیے تھے جس میں سے زیادہ تر سیاح تھے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہ کورونا وائرس کی وبا کو انتہائی خطرناک صورتحال قرار دیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ یہ اب تک قابو سے باہر نہیں ہوئی۔

دوسری طرف جاپان میں کورونا وائرس کی وجہ سے قرنطینہ کیے گئے مسافر بحری جہاز سے مسافروں کو اتارنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس بحری جہاز پر 3711 مسافر سوار تھے جن میں سے 540 کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے تھے جس کی وجہ سے جہاز کو دو ہفتے کے لیے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ وبا سے محفوظ مسافروں کو اتارنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور آج 500 اپنے گھروں کو روانہ ہوجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |