ایران میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

ایران میں کورونا وائرس سے متاثر دونوں مریضوں کا تعلق قم شہر سے ہے


ویب ڈیسک February 19, 2020
قُم کے دو شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، فوٹو : فائل

ایران میں دو مریضوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں ممالک میں پہلے اسلامی ملک ایران کا اضافہ ہو گیا ہے جہاں 4 مریضوں کے پُراسرار اور خطرناک وائرس سے علامتیں ملنے کے باعث ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سے 2 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ دو مریضوں میں انفلوئنزا تشخیص ہوا ہے۔

ایران کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے دونوں مریضوں کا تعلق تہران کے جنوب میں واقع شہر قم سے ہے تاہم دونوں مریضوں کی حالت خطرے باہر بتائی جارہی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : کورونا وائرس سے 2 ہزار ہلاکتیں؛ روس میں چینی شہریوں کے داخلے پر پابندی

دو مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد قُم میں صحت کے مراکز میں ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا گیا ہے جب کہ قم سے باہر جانے اور آنے والے شہریوں کا طبی ڈیٹا جمع کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے اور تمام تر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 74 ہزار سے زائد مریض متاثر ہوئے ہیں۔ یہ وائرس اب تک 2 درجن سے زائد ممالک میں پہنچ چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں