پولیس کے بھرتی ٹیسٹ میں شرکت کی اجازت نہ ملنے پر نوجوانوں کا احتجاج

درخواست بذریعہ کوریئربھیجی،امیدوار،گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں درخواست خود جمع کرانیوالے ہی امتحان میں شریک ہونگے،حکام

مظاہرے کے باعث ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر، پولیس کے لاٹھی چارج سے کئی امیدوار زخمی ہوگئے فوٹو: فائل

سندھ پولیس میں بھرتی کے خواہشمند افراد کو ٹیسٹ میں بیٹھنے کی اجازت نہ ملنے پر امیدواروں نے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کیااور پولیس حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے بذریعہ کوریئردرخواستیں بھیجی تھیں لیکن جب وہ ٹیسٹ دینے کے لیے گارڈن ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو انھیں بتایا گیا کہ ایسی درخواستیں قابل قبول ہی نہیں ہیں،پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا،تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں بھرتی کے خواہشمند اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد گزشتہ روز ٹیسٹ دینے کیلیے گارڈن ہیڈ کوارٹرز پہنچے لیکن صورتحال اس وقت یکسر تبدیل ہوگئی جب انھیں ٹیسٹ میں شرکت سے روک دیا گیا ، امیدواروں کے استفسار پر وہاں موجود عملے نے انتہائی ناروا سلوک روا رکھتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے اپنی درخواستیں بذریعہ کوریئر ارسال کی تھیں جس کی وجہ سے وہ ٹیسٹ میں شرکت کے لیے اہل نہیں رہے ، صرف ان امیدواروں کو ٹیسٹ میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

جنھوں نے اپنی درخواستیں خود گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں جمع کرائیں ، عملے نے انھیں مزید بتایا کہ بذریعہ کوریئر بھیجی جانے والی درخواستیں قابل قبول نہیں ہیں ، امیدواروں نے وہاں موجود عملے کو بتایا کہ انھیں یہی بتایا گیا تھا کہ وہ اپنی درخواستیں بذریعہ کوریئر بھیج سکتے ہیں ۔




کافی دیر بحث و مباحثے کے بعد امیدواروں نے مطالبہ کیا کہ ان کی اعلیٰ حکام سے ملاقات کرائی جائے لیکن وہاں موجود عملے نے انھیں صاف انکار کردیا جس پر امیدوار کافی مشتعل ہوگئے اور صورتحال تبدیل ہوتے ہوئے انتہائی کشیدہ ہوگئی ، عملے کے ناروا سلوک پر مشتعل امیدواروں نے گارڈن ہیڈ کوارٹرز کے سامنے ہی احتجاج کرنا شروع کردیا جبکہ اسی دوران درجنوں امیدوار ایم اے جناح روڈ پر نکل آئے اور مظاہرہ کیا ، مظاہرے کے باعث ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ۔

پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے لاٹھی چارج کیا ، مظاہرین بے قابو ہونے کی صورت میں اضافی نفری طلب کی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر امیدواروں پر ڈنڈے برسائے جس سے متعدد امیدوار زخمی ہوگئے ، پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا اور انھیں نبی بخش تھانے منتقل کردیا گیا ، اس سلسلے میں ڈی ایس پی گارڈن احمد بیگ نے ایکسپریس کو بتایا کہ کچھ دیر کے لیے احتجاج ہوا تھا جس پر پولیس نے فوری طور پر قابو پالیا اور صورتحال معمول پر آگئی تھی ۔
Load Next Story