کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز اعظم خان 59 رنز بناکر سرفہرست رہے


Sports Reporter/ February 20, 2020
اسلام آباد یونائیٹڈ اس سے قبل 2 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے۔ فوٹو : سوشل میڈیا

پاکستان سپرلیگ کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو تین وکٹ سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپرلیگ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور لیوک رونکی نے کیا تاہم دونوں اوپنرز خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، کولن منرو بغیر کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے جب کہ لیوک رونکی نے 23 رنز بنائے اور سہیل خان کا شکار بنے۔

ون ڈاؤن آنے والے ڈیوڈ میلان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 64 رنز کی اننگز کھیلی، آصف علی نے 19 جب کہ فہیم اشرف نے 20 رنز بنائے تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 168 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ شروع کی تو ان کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا۔ پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر موسیٰ خان نے کھاتہ نہ کھولنے والے جیسن رائے کو ایل بی ڈبلیو کرکے صفر کی خفت کا شکار کر دیا اور 20 رنز پر دوسری وکٹ شین واٹسن کی گری وہ 8 گیندوں پر 5 رن بنا کرعاکف جاوید کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد 26 رنز پر احمد شہزاد بھی وکٹ گنوا بیٹھے، 11 گیندوں پر 7 رنز جوڑنے والے احمد شہزاد کا کیچ فہیم اشرف نے موسیٰ خان کی گیند پر لیا۔ چوتھی وکٹ 88 رنز پراس وقت گری جب سرفراز احمد 18 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنا کر عماد بٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے بعدازاں 128 رنز پر 5 ویں وکٹ گری۔

جارحانہ بیٹنگ کرنے والے اعظم خان 33 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 2 رنز بعد چھٹی وکٹ گرگئی اور محمد نواز 13 گیندوں پر 23 رنز بناکر عاکف جاوید کی گیند پر عماد بٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

163 رنز پر 7 ویں وکٹ گری جس میں سہیل اختر 9 گیندوں پر 14 رنز جوڑ کر موسیٰ کی گیند پر شاداب کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ بین گیٹنگ 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بین کٹنگ نے 12 گیندوں پر ایک چوکا اور دو چھکے لگائے۔ عبدالناصر ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ موسی خان نے 34 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عاکف جاوید، فہیم اشرف اور عماد بٹ کے ہاتھ ایک ایک وکٹ لگی۔

اس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 18.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز کا ہدف حاصل کرکے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اس سے قبل 2 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔