مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیاں109ملزمان گرفتار کر لیے گئے

ملزمان قتل، بھتہ خوری اور اسلحہ آرڈیننس سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں،اسلحہ اور مختلف اقسام گولیاں برآمد کرلی گئیں

بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں گئیں۔ فوٹو: اے پی پی / فائل

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر109ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور مختلف اقسام کے اسلحہ کی بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کر لیں۔

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ آئی جی سندھ کے ترجمان کے اعلامیے کے مطابق شرقی ، غربی اور جنوبی زونز کی پولیس نے متعلقہ تھانہ جات کی حدود میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران جرائم کے خلاف73چھاپہ مار کارروائیوں اور3پولیس مقابلوں میں18مفرور اور 4 اشتہاری ، قتل اور اقدام قتل کے4 ، ڈکیتی اور رہزنی کے 3 اسلحہ آرڈیننس کے تحت 25 ، نارکوٹکس آرڈیننس کے تحت17 جبکہ جرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث27ملزمان سمیت مجموعی طور پر94 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 31 پستول، کلاشنکوف اور دیگر سامان برآمد کر لیا، اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے کورنگی اور عوامی کالونی میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے سرغنہ وکیل ابراہیم ، شاہ زمان اور جبار علی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔

ماڑی پور پولیس نے2 ملزمان چمن اور محمد اسلم کی گرفتاری ظاہر کر کے ان کے قبضے سے2پستول برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری کے جرائم پیشہ افراد سے ہے، ملزمان ٹارگٹ کلنگ ، اقدام قتل ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری سمیت سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے ، گرفتار ملزمان نے کچھ عرصہ قبل ماڑی پور ٹرک اڈے پر بھتہ نہ دینے پر ٹارگٹ کرکے2 افراد کو قتل کر دیا تھا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان نے سائٹ بی تھانے کی حدود گلبائی کے قریب بھتہ نہ دینے پر ایک فیکٹری پر کریکر حملہ کیا تھا۔




رینجرز ترجمان کے مطابق رینجرز نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شاہ فیصل کالونی ، گلشن اقبال بلاک19 ، کرنال بستی ، منگھو پیر میانوالی کالونی ، نپیئر سالار کمپاؤنڈ ، پرانا گولیمار کمال بستی ، لیاری کے چاکیواڑہ ہزارہ کالونی ، نشتر روڈ ، بلدیہ ٹاؤن گلشن مزدور ، فرنٹیئر مارکیٹ ، لیاقت آباد اور بن قاسم میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جبکہ کلفٹن اور لیاری سنگو لائن میں اسنیپ چیکنگ کے دوران مجموعی طور پر13جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور مختلف اقسام کے اسلحہ کی بھاری تعداد میں گولیاں برآمد کر لیں۔

رینجرز نے مبینہ ٹائون کے علاقے گلشن اقبال قائد اعظم کالونی میں چھاپہ مار کر سیاسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3کارکنان کو حراست میں لیکر اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا،ویسٹ اسپیشل انویسٹی گیشن سیل پولیس نے تین روز قبل حراست میں لئے جانے والے تین ملزمان کی نشاندھی پر میٹروویل تھرڈ کے علاقے میں واقعے خالی پلاٹ پر چھاپہ مار بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعوی کیا۔
Load Next Story