حکومت کا آئی ایم ایف سے معاہدہ نااہلی اور نالائقی ہے بلاول بھٹو

پی ٹی آئی حکومت معیشت کی جان نکال رہی ہے یہ نہیں جانتے معیشت کیسے چلائی جاتی ہے، چیئرمین پی پی پی

پی ٹی آئی حکومت معیشت کی جان نکال رہی ہے، چیئرمین پی پی پی۔ فوٹو : فائل

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کا آئی ایم ایف سے معاہدہ نااہلی اور نالائقی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج نوجوان ہاتھوں میں ڈگری لیکر گھوم رہے ہیں جب کہ جو برسر روزگار ہیں انہیں بے روزگار کیا جارہا ہے، عام آدمی سے گھر چھین رہے ہیں اور دکانیں گرا رہے ہیں جب کہ قومی خزانے کا پیسہ عوام تک نہیں پہنچ رہا۔


بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی معاشی خودمختاری پر سودے بازی کی ہے، پی ٹی آئی نے جو خواب دکھائے وہ پرانے پاکستان میں رہ گئے ہیں، حکومت معیشت کی جان نکال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سبوتاژ کررہی ہے، اس پر حملہ غریب آدمی پر حملہ ہے، انہیں بھٹو سے بغض ہے اسی لیے شہید بے نظیر بھٹو پروگرام ختم کرنا چاہتے ہیں اور بی بی کی تصویر ہٹانا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ساری شرائط تسلیم کیں، یہ کس قسم کی آئی ایم ایف پی ٹی آئی ڈیل ہے، حکومت نہیں جانتی معیشت کیسے چلائی جاتی ہے، حکومت نے غریبوں کے بجائے امیروں کو سہولت دی جب کہ حکومت کا آئی ایم ایف سے معاہدہ نااہلی اور نالائقی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایوان میں نہ اپوزیشن لیڈر آرہے ہیں اور نہ ہی وزیراعظم لہذا ایوان میں نہ آنے پر اپوزیشن لیڈر بدلنا ہے تو وزیراعظم کو بھی بدلیں۔
Load Next Story