ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی

ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں شان مسعود نے 38 رنز اور روسو نے 32 رنز بنائے


Staff Reporter/ February 21, 2020
اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دی تھی۔ فوٹو : ٹوئٹر

پی ایس ایل کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور کرس لین نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے 59 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد کرس لین 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد فخرزمان بھی 19 رنز بناکر پویلین چلتے بنے۔

محمد حفیظ بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 14 رنز بناکر عمران طاہر کا شکار بنے، کپتان سہیل اختر نے ملتان سلطانز کے بولرز کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 34 رنز بنائے جس کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔

جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا، جیمز ونس 18 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، ٹیم کی ففٹی مکمل ہونے سے قبل معین علی(11) بھی رن آؤٹ ہوگئے جب کہ تیسری وکٹ 85 کے مجموعی اسکور پر گری۔

کپتان شان مسعود 38 رنز بنانے کے بعد ڈیوڈ ویز کا شکار بنے، ذیشان اشرف 4 رن آؤٹ ہوگئے۔ رلی روسو 32 رنز بناکر حارث رؤف کی وکٹ ثابت ہوئے۔ آخری 5 اوورز میں صرف 14 رنز درکار تھے۔ ملتان سلطانز نے ہدف 23 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ شاہد آفریدی 21 اور خوشدل شاہ 6 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ڈیوڈ ویز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں