حکمران ڈالروں کے لئے پالیسیاں تبدیل نہ کریں عمران خان کا پشاور میں دھرنے سے خطاب

ڈرون حملے بند کرنے کی امریکی یقین دہانی تک خیبرپختونخوا سے نیٹو سپلائی نہیں جانے دیں گے، عمران خان


ویب ڈیسک November 23, 2013
امریکا کو بتائیں گے جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہونگے احتجاج جاری رہےگا، عمران خان فوٹو: فائل

ڈرون حملوں کی بندش تک نیٹو سپلائی روکنے کے لئے تحریک انصاف کا ھنرا جاری ہے ، جس میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو امریکا نے نہیں اللہ نے ذلیل کیا ہے کیونکہ جس ملک کے حکمران انسانوں کا خون بیچیں اسے ذلیل ہی ہونا ہے ۔

پشاور کے رنگ روڈ پرتحریک انساف کے دھرنا جاری ہے جس میں خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے، دھرنے میں تحریک انصاف کے علاوہ جماعت اسلامی، عوامی جمہوری اتحاد اور دفاع پاکستان کونسل کے رہنما اور کارکنان بھی بڑی تعداد میں شریک ہیں، دھرنے کےلئےسیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ رنگ روڈ آنے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔حکومتی سیکیورٹی انتظامات کے علاوہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور یوتھ ونگ کے رضا کاربھی حفاظتی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ بم ڈسپوزل ا سکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے جلسہ گاہ کے چاروں اطراف کی چیکنگ جاری ہے جب کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ڈیڑھ ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ دھرنے سے خطاب کے دوران تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دھرنے کے ذریعے تحریک انصاف سیاسی شہید بننا چاہتی ہے لیکن وہ شہید نہیں بلکہ غازی بننے جارہے ہیں، حکومت جاتی ہے تو جائے مگرہم اپنے اصولوں پرقائم رہیں گے اور اگر ہماری حکومت گئی تو انتخابات کرائیں گے اور زیادہ اکثریت سے واپس آئیں گے اور اس میں ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے انتخابات تسلیم کرلیئے اور نواز شریف کو وزیراعظم بھی مان لیا، ہم نے ان کی پوری حمایت کی اے پی سی میں ان کےساتھ کھڑے ہوئے، انہیں مذاکرات شروع کرنے کا اختیار دیا، امید تھی کہ جب وہ اپنے دورہ امریکا کے دوران براک اوباما سے مذاکرات عمل تک ڈرون حملے بند کرنے کا کہیں گے لیکن جب ہم نے دونوں سربراہوں کے لئے ایک ساتھ کھڑے ہوکر پرچیوں پر لکھا پڑھا تو اس میں ڈرون سے متعلق کچھ نہیں تھا،انہیں اندازہ نہیں کہ قبائلی علاقوں کے 60 لاکھ افراد کی زندگی تباہ ہوچکی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم امن چاہتی ہے اور امریکی جنگ سے تنگ آچکی ہے، جب ہم امریکی جنگ میںشامل ہوئے تو پاکستان کا کل قرضہ 5ہزار ارب روپیہ تھا لیکن آج پاکستان کا قرضہ 14 ہزار روپے پر پہنچ گیا اور یہ پیسہ امریکی جنگ پر خرچ کیا گیا، ہمیں کہا گیا کہ غیر ملکیوں کو مار رہے ہیں 500 سے 600 القاعدہ ارکان کے لئے ہزاروں اہلکاروں کو وزیرستان میں بھیجا گیا، ہم دنیا بھر میں ذلیل و خوار ہیں جو ہمیں امریکا نے نہیں اللہ نے دی ہے کیونکہ ہم نے ہم نے پیسے لے کر بچوں اور عورتوں تک کو امریکا کے حوالے کیا، ہماری فوج کو اپنے ہی لوگوں سے لڑایا گیا اور 50 ہزار 50 ہزار پاکستانیوں کا خون بہایا ہوا جس ملک کے حکمران انسانوں کا خون بیچیںاسے ذلیل ہی ہونا ہے۔ ہمارا یہ حال ہے کہ جس دن پارلیمنٹ ڈرون حملے کی بندش کا مطالبہ کرتی ہے اس دن ڈرون حملہ ہوتا ہے کیونکہ وہ ہمیں جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں امریکا خود تو افغانستان میں جیت نہیں رہا اور ہم پر دوغلی پالیسی کا الزام لگا کر ڈو مور کا کہتا ہے، دنیا بھر کے ہوائی اڈوں پر پاکستانی کو الگ لائن میں کھڑا کردیا جاتا ہے انہیں گھنٹوں تفتیش کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ حکیم اللہ نہیں مارتے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرتے ہیں، سرتاج عزیز کہتے ہیں کہ ڈرون حملے نہیں ہوں گے اور خیبر پختونخوا میں ڈرون حملہ ہوجاتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کا وقت ہے کہ کیا ہمیں ذلت کے راستے پر قائم رہنا ہے یا غیرت مند قوم ثابت کرنا ہے، وہ وزیر اعظم نواز شریف سے کہتے ہیں کہ لیڈر بننے کا وقت آگیا ہے، وہ فیصلہ کریں ساری قوم ان کے ساتھ ہوگی، ڈالروں کے لئے فیصلے نہ بدلیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات کہتے ہیں کہ وزیراعظم امریکا سے دوستی بہتر کررہے ہیں اور عمران خان دشمنی پیدا کرا رہے ہیں، وزیراعظم ایسے وزرا کو ہٹادیں جنہیں دوستی اور غلامی کا فرق ہی نہیں پتہ، ہمارے دوست نے 50 ہزار افراد مروا دیئے اور جب انہوں نے ہمارے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کیا تو معافی بھی نہیں مانگی، دنیا کا کون سا ملک اور قوم اپنے ملک میں ڈرون حملوں کی اجازت دیتی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ ہم وہ قوم بنیں جب ایک پاکستانی پر کوئی ہاتھ اٹھائے تو 18 کروڑ عوام اس کے پیچھے کھڑے ہوں، ہم امریکا پر دباؤ ڈالیں گے کہ جب تک ڈرون نہیں روکیں گے ہمارا احتجاج جاری رپے گا۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں صرف 7 خاندانوں کی حکومت ہے، ان لٹیرے خاندانوں کا کام قوم کی دولت لوٹ کر اس ملک سے بھاگنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکس کے شیر کی حکومت ہو تو عوام پس کررہ جاتی ہے، شیر کو آتے اور بجلی کی ضرورت نہیں ہوتی، وزیر اعظم کو کیا پتہ کیا ملک میں ٹماٹر کی قیمت کیا ہے یہ تمام دکھ تو عوام جھیلتے ہیں۔

دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام کو بڑے انقلاب کےلیے خود اٹھ کھڑا ہونا ہوگا یہ کرپٹ، نااہل اور بزدل حکمران کچھ نہیں کرسکیں گے۔ اوبامہ دور میں 318 ڈرون حملے ہوچکےہیں ہمیں ملکی استحکام کے لئے امریکی ڈرون طیارے گرانے ہوں گے اور امریکی غلامی سے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کل کراچی میں نیٹو سپلائی بند کریں گے جب کہ 9 دسمبر کو لاہور میں امریکی غلبے کے خلاف احتجاج کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں