دہشتگردی کے خلاف آپریشن ردالفساد کو3 سال مکمل

عالمی سطح پرانسداد دہشتگردی کی جنگ میں پاکستانی کاوشوں اورکامیابیو‌ں کوسراہا گیا


ویب ڈیسک February 22, 2020
سابق برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل نکولس کارٹر اور برطانوی سفارتکاروں نے پاکستانی کردارکوسراہا: فوٹو: فائل

دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسزاورعوام کی مشترکہ جدوجہد کے آپریشن ردالفساد کو3 سال مکمل ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسزاورعوام کی مشترکہ جدوجہد کے آپریشن ردالفساد کو3 سال مکمل ہوگئے۔ ملک بھرمیں آپریشن ردالفساد کے تحت ایک لاکھ 49 ہزارسے زائد انٹیلی جینس آپریشنزکیے گئے۔

دہشتگردوں کے 400 سے زائد مذموم منصوبے ناکام بنائے

آپریشن ردالفساد کے تحت 22 فروری 2017 سے 2020ء تک کل 3 ہزار 800 سے زائد خطرات کے انتباہ جاری ہوئے، سیکیورٹی فورسز، انٹیلی جینس اداروں نے دہشتگردوں کے 400 سے زائد مذموم منصوبے ناکام بنائے، فوجی عدالتوں نے 344 دہشتگردوں کو سزائے موت دی ، 301 کو مختلف دورانیے کی سزائیں جب کہ 5 کو بری کیا گیا۔

سرحدی باڑ کے ساتھ 843 حفاظتی قلعوں میں سے 343 مکمل

پاک، افغان سرحد پر 2611 کلومیٹر میں سے 1450 کلومیٹر پر باڑ کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، سرحدی باڑ کے ساتھ 843 حفاظتی قلعوں میں سے 343 مکمل، 161 زیر تعمیرہیں ۔ دوسری جانب بھارتی قابض فورسز 2017 سے فائر بندی کی 8 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں کرچکیں۔

پاکستان امن کا دیس ہے

پاکستان میں کھیل، سیاحت، غیرملکی سیاح، کھلاڑی سب واپس آنے لگے، پاکستان میں بدھ مت، ہندو، سکھ مذاہب کے پیروکاروں کی جوق درجوق آمد بھی امن کا پیام ہے، کبڈی ورلڈ کپ، سری لنکا، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کی آمد نے ثابت کیا کہ پاکستان امن کا دیس ہے۔

برطانیہ نے اپنے شہریوں کیلئے پاکستان کو محفوظ قراردیا

ملک میں آپریشن ردالفساد کی بدولت طویل عرصہ کے بعد پاکستان سپر لیگ کا انعقاد ہوا، عالمی سطح پر انسداد دہشتگردی کی جنگ میں پاکستانی کاوشوں اورکامیابیو‌ں کوسراہا گیا، امریکا، برطانیہ نے اپنے شہریوں کیلئے پاکستان کو محفوظ قراردیا اورسفری انتباہ نرم کردیا۔

اسلام آباد دنیا میں سب سے پرامن شہروں میں شامل

برٹش ائیرویزنے 10 سال بعد پاکستان کیلئے پروازیں شروع کیں، نئی ایئر لائنز نے پاکستان کا رخ کیا۔ اسلام آباد دنیا میں سب سے پرامن شہروں میں شامل ہوا اوراقوام متحدہ کا فیملی اسٹیشن بنا۔

امریکی سینیٹرجان مکین اورلنزے گراہم پاکستانی کاوشوں کے معترف

اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیوگوئترس نے برملا پاکستان کی امن کاوشوں کی تعریف کی۔ امریکی سینیٹرجان مکین، لنزے گراہم بھی پاکستانی کاوشوں کے معترف رہے۔ سابق برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل نکولس کارٹر اور برطانوی سفارتکاروں نے پاکستانی کردارکوسراہا ، پاکستان کو امن کے رستے پر گامزن، عالمی سطح پر ادراک میں آرمی چیف کی عسکری سفارتکاری کلیدی رہی۔

کراچی جرائم کی عالمی درجہ بندی میں 6 سے 91 ویں نمبر پرآگیا

انسداد دہشتگردی کی جنگ سے متعلق 2001 سے 2020 تک صرف کراچی میں 350 سے زائد بڑے، 850 سے زائد معمول کے آپریشنز ہوئے جس کے بعد جرائم کی عالمی درجہ بندی میں 6 سے 91 ویں نمبر پرآگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔