چین خطرناک صورتحال سے بچنے کیلئے ہمارے جزیرے کے قریب فوجی اڈے کے قیام سے گریزکرے جاپان

فوجی اڈے کے ذریعے مواصلاتی نظام میں بہتری اور کسی بھی حملے کی صورت میں بروقت جواب دینے میں آسانی ہوگی،چینی وزارت دفاع


ویب ڈیسک November 23, 2013
چین نے اپنا فضائی دفاع مؤثر بنانے کیلئے جاپان کے زیر انتظام متنازع جزیرے کے قریب فضائی اڈا قائم کرنے کا اعلان کیا ہے

چین نے اپنا فضائی دفاع مؤثر بنانے کے لئے جاپان کے زیر انتظام متنازع مشرقی جزیرے کے قریب فضائی اڈا قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ جاپان کا کہنا ہے کہ اس سے خطے میں خطرناک صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

چینی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین پر حملے کے خطرے کے پیش نظر مؤثر دفاع کے لئے''سین کاکو'' جزیرے کے قریب فوجی اڈا قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چینی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوجی اڈے کے ذریعے دوطرفہ مواصلاتی نظام میں بہتری اور کسی بھی حملے کی صورت کے بعد مؤثر اور بروقت جواب دینے میں آسانی ہوگی۔ دوسری جانب چاپانی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کی طرف سے ''سین کاکو'' کے قریب فوجی اڈے کے قیام سے خطے میں غیر یقینی خطرناک صورتحال پیدا ہوسکتی ہے لہذا چین کو اس قسم کے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے۔

واضح رہے کہ چین کے مشرقی سمندری علاقے میں واقع اس جزیرے پر گزشتہ مہنیوں میں چین اور جاپان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس جزیرے پر تائیوان بھی اپنا حق جتاتا ہے حالانکہ اس پر جاپان کا قبضہ ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں