ڈرون حملوں کے خلاف دھرنا دینے والے پاکستان کی بقا داؤ پرلگارہے ہیں فاروق ستار

صوبائی حکومت کو ڈرون حملہ کرنیوالوں کاپتہ ہے تو ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف کیوں درج کرائی گئی، فاروق ستار


ویب ڈیسک November 23, 2013
خیبرپختونخواہ حکومت ڈرون حملوں کے خلاف مقدمہ درج ہی نہیں کرنا چاہتی، فاروق ستار فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف دھرنے دینے والے اپنے سیاسی ایجنڈے کے لئے پاکستان کی بقا کو داؤ پر لگا رہے ہیں، اگر وہ سچے ہیں تو ڈرون حملے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف کیوں درج کرائی گئی۔

کراچی میں سانحہ انچولی کے شہدا کی تعزیت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ چند سیاستدان اپنے سیاسی عزائم کی تکمیل کے لئے پشاور میں دھرنا دے رہے ہیں ان کے قول و عمل میں فرق ہے کیونکہ نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کی بندش کی بات کرنے والوں نے ہنگو ڈرون حملے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کرائی گئی ہے، رپورٹ درج میں کہا گیا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے نا معلوم سمت سے نامعلوم ہتھیار کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے، مقدمے مین جن 5 افراد کی ہلاکت ظاہر کی گئی ہےوہ تمام افغانی ہیں اور وہ ایک روز قبل ہی افغانستان سے سرحد پار کرکے یہاں پہنچے تھے، جب ڈرون حملے میں افغانی مارے گئے تو پھرعمران خان کا احتجاج کس سے اور کس کے خلاف ہے، ڈرون حملے اور نیٹو سپلائی تو اس وقت بند کرائیں گے کہ جب وہ اس میں امریکی سی آئی اے اور ان کے سربراہ کو نامزد کریں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ چند سیاستدان اپنے عزائم کے لئے افغانیوں کی ہلاکت پر دھرنا دے رہی ہے تو ایک دھرنا کراچی میں بسنے والے پاکستان کے ان سچے شہریوں کے لئے بھی ہونا چاہئے جن کے خون سے ہولی کھیل کر جہاں ایک جانب محرم الحرام کے تقدس کو پامال اور اتحاد ابین المسلمین کو پامال کیا گیا وہیں یوم عاشور کو راولپنڈی میں جو سازش کی گئی اس سے پوری دنیا میں پاکستان کے تشخص کو مسخ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف حقائق عوام کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں تاکہ وہ صحیح اور غلط کے بارے میں فیصلہ کرسکیں کیونکہ گزشتہ روز کراچی میں جو دھماکا ہوا وہ ہنگو ڈرون حملے کا بدلہ تھا اوراس میں کلمہ گو جاں بحق ہوئے جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان رکھتے تھے۔ پاکستان کے عوام اس سازش کو سمجھتے ہیں اور اپنے عظیم تر اتحاد کے ذریعے پاکستان کو فرقہ واریت کی سازش کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ناکام بنادیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔