دعوے سے کہتا ہوں کہ تحریک انصاف نیٹو سپلائی بند نہیں کرے گی سینیٹر پرویز رشید

عمران خان کا دل طالبان اور تلوار امریکہ کے ساتھ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات


ویب ڈیسک November 23, 2013
موجودہ حکومت ہر جگہ امن چاہتی ہے طالبان ہوں یا امریکا ہم کسی کے ساتھ بھی لڑنا نہیں چاہتے، پرویز رشید۔ فوٹو: ایکسپریس

وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وہ دعوے سے کہتے ہیں کہ تحریک انصاف نیٹو سپلائی بند نہیں کرے گی کیونکہ عمران خان کا دل طالبان اور تلوار امریکہ کے ساتھ ہے۔

لاہور کے مقامی ہوٹل تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے دن سے ڈرون حملوں کے خلاف ہے اور وزیراعظم میاں نواز شریف عالمی فورمز پر بھی ڈرون حملوں کے خلاف واضح موقف اختیار کرچکی ہے اور ہم سفارتی ذرائع سے ڈرون حملوں کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں۔ موجودہ حکومت ہر جگہ امن چاہتی ہے طالبان ہوں یا امریکا ہم کسی کے ساتھ بھی لڑنا نہیں چاہتے، سفارتی ذرائع سے ہی تمام مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے اور دنیا بھر میں مسائل سفارتی ذرائع سے ہی حل ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی کے باہر دھرنا ان کا جمہوری حق قرار ہے لیکن وہ یہ نہ بھولیں کہ وہ جب یہاں آئیں گے تو پختونخوا اسمبلی کی اکثریت ان کے ساتھ نہیں ہوگی ،وہ دھرنا کی سیاست کے ذریعے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈال سکتے ہیں نہ ہی جذباتی کیفیت طاری کرکے عوام کو بیوقوف بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی بجٹ سے چلنے والی پختونخوا کی حکومت امریکا کے خلاف احتجاج کرتی ہے تو یہ منافقت نہیں تواور کیا ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے اور اب یہ معاملہ عدالت میں ہے جہاں قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا اور جس نے بھی آئین توڑا اس کو اس کی سزا ملے گی، ن لیگ کی حکومت کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہی ہے اور نہ ہی انتقامی کارروائی ن لیگ کی سیاست کا حصہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں