کوئٹہ ناقص کارکردگی کا ازالہ کرنے کیلیے بے چین

آج کراچی کنگز سے میچ، اسلام آباد یونائیٹڈ اورلاہورقلندرزبھی مدمقابل

آج کوئٹہ کا کراچی کنگز سے میچ، اسلام آباد یونائیٹڈ اورلاہورقلندرزبھی مدمقابل ۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل5میں کراچی کنگزکا اتوار کو ہوم گراؤنڈ پرکوئٹہ سے ٹکراؤ ہوگا، گلیڈی ایٹرزناقص کارکردگی کا ازالہ کرنے کیلیے بے چین ہیں، قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کی ٹیم اسلام آباد سے مقابلہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو زیر کرتے ہوئے فاتحانہ آغاز کیا تھا مگر دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے 6 وکٹ سے ہرا دیا، سرفراز احمد کی زیرقیادت ٹیم اب ناقص کارکردگی کا ازالہ کرنے کیلیے بے چین ہے، شین واٹسن اور احمد شہزاد اب تک بڑی اننگز نہیں کھیل سکے،ان سے مینجمنٹ کو خاصی امیدیں وابستہ ہیں۔

جیسن روئے نے گزشتہ میچ میں ففٹی بنائی جبکہ اعظم خان ایک اچھی اننگز کھیلنے کے بعد کراچی سے میچ میں ناکام رہے، یہ دونوں بھی امیدوں کا محور ہوں گے، پیس بیٹری میں محمد حسنین اور ٹائمل ملز موجود ہیں،میزبان کراچی کنگز نے ہوم گراؤنڈ پر پہلے میچ میں پشاور زلمی کو مات دی تھی،عماد وسیم کی قیادت میں کھیلنے والی پُر اعتماد ٹیم کی بیٹنگ لائن میں بابر اعظم، شرجیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ اورچیڈوک والٹن شامل ہیں،بولنگ میں عمید آصف کے ساتھ محمد عامر اور کرس جورڈن سے امیدیں وابستہ ہیں۔


لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں رات کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کا سامنا ہوگا، شاداب خان کی زیرقیادت کھیلنے والی اسلام آباد کی ٹیم کو پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست ہوئی مگر اس نے گذشتہ روز ملتان سلطانز کو آؤٹ کلاس کر دیا۔

لیوک رونکی، ڈیوڈ میلان اور کولن منرو صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے، ایک اور جارح مزاج بیٹسمین آصف علی بھی ٹیم میں شامل ہیں، پیسر عماد بٹ ملتان کی چار وکٹیں اڑا کر صلاحیتوں کا اظہار کر چکے، محمد موسیٰ، فہیم اشرف اور عاکف جاوید موجود ہوں گے۔ لاہور قلندرز پہلی آزمائش میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں مات کھاگئے تھے،اب ایک مضبوط ٹیم سے مقابلہ کرنا پڑے گا۔

ٹیم میں فخرزمان، کرس لین اور بین ڈنک میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں، سہیل اختر ثابت قدم ہیں، ٹیم کو بولنگ میں شاہین آفریدی، حارث رؤف اور عثمان شنواری کا ساتھ میسر ہے۔
Load Next Story