پمپنگ اسٹیشنز پر لوڈشیڈنگ اداروں کی لڑائی میں شہری پانی کو ترس گئے

کے ای ایس سی کی دھابیجی،گھا رو، پپری،این ای کے اورحب پمپنگ اسٹیشنوں پر4روزسے4گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جا ری

کے ای ایس سی انتظامیہ کو پابند کیا جا ئے کہ وہ واٹر بورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی بلا تعطل جا ری رکھے۔ فوٹو :ایکسپریس / فائل

SUKKUR:
ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے دھابیجی،گھا رو ، پپری، این ای کے اور حب پمپنگ اسٹیشنوں پر کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جا نب سے گزشتہ 4 روز سے مسلسل لوڈشیڈنگ جا ری ہے جس سے کراچی میں فراہمی آب کا نظام بری طرح متا ثر ہو رہا ہے اور کئی علاقوں سے قلت آب کی شکایات ملی ہیں دونوں اداروں کے درمیان بجلی کے بلوں کے واجبات کے تنازع کے باعث کراچی کے شہری پانی کو ترس گئے ہیں۔

پانچوں پمپنگ اسٹیشنوں پر روزانہ 4 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو20 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہے، تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ 4 روز سے حب پمپنگ اسٹیشن پر شب8 بجے سے رات 12بجے تک 4 گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی بند ہے اس لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اورنگی ، بلدیہ ، قصبہ ، سائٹ ، سائٹ انڈسٹریل ایریا ، نیازی کالونی ، فقیرکالونی ، مومن آباد ، اجمیر نگری ، پہاڑ گنج ،نارتھ ناظم آباد ، گولیمار اور اس کے قر ب و جوار کے مکین روزانہ 5 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی سے محروم ہیں، واٹر بورڈ کے انجینئرز کے مطابق دھابیجی ، گھارو، پپری ، ڈملوٹی ، نارتھ ایسٹ کراچی اور دیگر پمپنگ اسٹیشنوں پر بھی روزانہ 4 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے شہر میں پانی کا بحران شدید ہوگیا ہے، لوڈ شیڈنگ کے باعث ان پمپنگ اسٹیشنوں پر روزانہ 15کروڑ گیلن سے زائد پانی کی فراہی متاثر ہورہی ہے،گلشن اقبال، لیاقت آباد، لانڈھی، ملیر، ڈیفنس کلفٹن، لائنزایریا، شاہ فیصل کالونی، پی آئی بی کالونی، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی اور دیگر علاقوں میں پانی کا بحران شدید ہوگیا ہے، واٹر بورڈ بلک سپلائی کے انجینئر افتخار احمد نے بتایا کہ کے ای ایس سی کی جانب سے پانچوں پمپنگ اسٹیشنوں پر 4 گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے شہر میں پانی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔




واٹر بورڈ کے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل نجم عالم نے بتایا کہ 4 روز سے اہم ترین 5 پمپنگ اسٹیشنوں پر روزانہ 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے باعث 20کروڑ گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، انھوں نے کہا کہ واٹر بورڈ مجموعی طور پر 64کروڑ گیلن پانی شہر کو روزانہ فراہم کرتا ہے تاہم لوڈشیڈنگ کے باعث ایک تہائی پانی کی فراہمی نہیں ہوپارہی ہے، انھوں نے کہاکہ 4 روز سے جاری لوڈشیڈنگ نے مسائل کی شدت میں اضافہ کردیا ہے اور کراچی کے ہر علاقے میں پانی کی فراہمی متاثر ہے،کے ای ایس سی کے مطابق واٹر بورڈ پر بجلی کے بلوں کی مد میں25 ارب روپے واجب الادا ہیں، عدم ادائیگی کے باعث یہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام نے کراچی الیکٹر ک سپلائی کمپنی کی انتظامیہ سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ہا ئیکورٹ کے احکامات کو مد نظر رکھتے ہو ئے واٹر بورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا ئے تاکہ شہر میں پانی کی فراہمی بلاتعطل جاری رکھی جاسکے اس سلسلے میں واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کا رپو ریشن کی انتظامیہ کو پابند کیا جا ئے کہ وہ واٹر بورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی بلا تعطل جا ری رکھے۔
Load Next Story