کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اعظم خان نے 46 اور سرفراز احمد نے 37 رنز بنائے


ویب ڈیسک February 23, 2020
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں

پاکستان سپر لیگ 5 کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 156 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ہی بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے، واٹسن 27 اور روئے 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

احمد شہزاد کے 11 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کوئٹہ کی مشکلات میں اضافہ ہوا تاہم کپتان سرفراز احمد نے معین خان کے بیٹے اعظم خان کے ساتھ ملکر ذمہ داری سے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔ بعد ازاں اعظم خان بھی رن آؤٹ ہوئے، وہ 30 گیندوں پر 46 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ کپتان سرفراز احمد 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور محمد رضوان کی جگہ ایلکس ہیلز کو شامل کیا گیا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں میں احسان علی کی جگہ انور علی اور فواد احمد کی جگہ نسیم شاہ کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شرجیل صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بابراعظم 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جب کہ پی ایس ایل کے اس سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے الیکس ہیلز 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔



کیمرون ڈیلپورٹ 22 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم چاڈوک والٹن ایک رنز بنانے کے بعد بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے، کپتان عماد وسیم بھی 8 رنز ہی بناسکے، کرس جورڈن نے 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 25 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3، ٹائمل ملز نے 2 جب کہ سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں