معیشت کی تباہی کی قیمت قوم اور ملک کو ادا کرنا پڑرہی ہے شہباز شریف

ملک میں صرف سرکاری جھوٹ کے کارخانے چل رہے ہیں، صدر مسلم لیگ (ن)


ویب ڈیسک February 23, 2020
معیشت مررہی ہے اور عمران نیازی کی بے حسی عروج پر ہے، شہباز شریف فوٓٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کی تباہی کی قیمت قوم اور ملک کو ادا کرنا پڑرہی ہے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ملک اور عوام کنگال کر دئیے گئے ہیں۔ معیشت مررہی ہے اور عمران نیازی کی بے حسی عروج پر ہے۔ معیشت یونہی چلتی رہی تو پیچھے صرف پچھتاوا رہ جائے گا۔ قوم نے دیکھ لیا کہ گالیاں دینے سے ملک، صنعت، کاروبار، روزگار اور گھر نہیں چلتے۔ تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ، تیز ترین قرض، کم ترین شرح ترقی معیشت کی تباہی کی علامتیں ہیں۔ مہنگائی 14 فیصد اور پالیسی ریٹ 13.25 فیصد کرنا ہی ملک دشمنی ہے۔ حکومتی فیصلے معیشت کے گلے کا پھندا بن گئے ہیں۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ صنعت بند ہیں اور ملک میں صرف سرکاری جھوٹ کے کارخانے چل رہے ہیں ۔ عوام کے کاروبار پر تالے ہیں ، آٹا، چینی چورمافیا، قوم کی جیب کاٹنے والوں کو کھلی چھٹی ہے۔ قرضوں میں 12 ہزار ارب روپے کا اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔ ڈیڑھ سال میں ملک کی پھلتی پھولتی معیشت تباہ کر کے عوام کو غربت اور بے روزگاری کے اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال میں ترقی کی شرح میں مزید کمی کروڑوں افراد کی بیروزگاری کا اعلان ہے۔ ایک کروڑ نوکریوں کا خواب دکھا کر کروڑوں لوگوں کو بے روزگار کردیا گیا۔ 50 لاکھ گھروں کا سپنا دکھا کر اپنے گھر بچالئے، لاکھوں گرا دئیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں