کورونا وائرس کی اٹلی آمد 2 افراد ہلاک اور 132 متاثر

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات 2470 ہوگئیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار تک جاپہنچی


ویب ڈیسک February 23, 2020
چین میں کورونا وائرس کے بعد اٹلی میں ایشیا سے باہر کورونا وائرس کی سب سے بڑی وبا پھوٹ پڑی (فوٹو: فائل)

دنیا کے کئی ممالک میں خوف، بیماری اور بے چینی پھیلانے کے بعد ایشیا سے باہر کورونا وائرس کی سب سے بڑی وبا اٹلی میں پھوٹ پڑی ہے جس میں اب تک دو افراد ہلاک اور 132 متاثر ہوچکے ہیں۔

قبل ازیں پوری دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2470 اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 79 ہزار ہوچکی ہے جبکہ چین سے باہر 20 افراد اس وائرس کے ہاتھوں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے سبب ترکی میں کئی مقامات پر اسکول بند کردیئے گئے ہیں عوامی مقامات پر سناٹا ہے اور کئی ملکی اور بین الاقوامی تقاریب منسوخ کردی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ایک چھوٹا قصبہ کوڈونا شامل ہیں جو مکمل طور پر بند ہوچکا ہے۔ یہاں ریلوے اسٹیشن سنسان ہے۔ جمعے کے روز یہاں پہلی موت ہوئی اور ہفتے کو دوسرے مریض نے دم توڑ دیا ہے۔



اب تک لوگ دھڑا دھڑ ماسک خریدرہے ہیں اور جراثیم کش ادویہ اور الکحل والے اسپرے اور ہینڈ واش جمع کررہے ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار ہوچکی ہے اور اموات کی تعداد 2470 تک پہنچ چکی ہے۔ چین سے باہر ہلاکتوں کی تعداد 20 کے قریب پہنچ چکی ہے۔

شمالی اٹلی میں منعقد ہونے والا وینس میلہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یکم مارچ تک ہر عوامی تقریب اور بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اٹلی میں اچانک پھیلنے والی وبا یورپ میں کورونا وائرس کی سب سے بڑی وبا ہے جس کے بعد پورے اٹلی میں خوف اور تشویش کی لہر دوڑ چکی ہے۔ دوسری جانب اب تک جنوبی کوریا میں 602 کیسز میں 5 اموات، جاپان میں 738 واقعات اور 3اموات، اٹلی میں 132 کیس اور دو اموات ، سنگاپور میں 89 کیسز رونما ہوئے ہیں۔

چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2400 کے لگ بھگ ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 75 ہزار سے زائد ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں