مہاتیر محمد نے استعفیٰ دے دیا

ملائیشیا کے بادشاہ کو یہ استعفیٰ آج وہاں کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے بھجوایا گیا ہے

مہاتیر محمد پر وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کےلیے شدید دباؤ تھا۔ (فوٹو: فائل)

ملائیشیا کے وزیرِ اعظم مہاتیر محمد نے اپنا استعفیٰ وہاں کے بادشاہ عبداللہ رعایت الدین المصطفیٰ باللہ شاہ کو بھجوا دیا ہے۔ ایوانِ وزیرِ اعظم کے ترجمان نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے۔

ان پر اتحادیوں کی جانب سے انتخابی معاہدے کی پاسداری کےلیے شدید دباؤ تھا جس کی رُو سے انہیں بطور وزیرِاعظم دو سال مکمل ہونے پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجانا تھا جبکہ متوقع طور پر ان کی جگہ وزیرِ اعظم کی ذمہ داری انور ابراہیم کی اہلیہ کو سنبھالنی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کا نومبر تک مستعفی ہونے کا اعلان


مئی 2020 میں بطور وزیرِ اعظم ان کے دو سال مکمل ہورہے تھے مگر ان کا اصرار تھا کہ وہ کچھ اہم اصلاحات پر کام کررہے ہیں اور نومبر 2020 تک مستعفی ہوجائیں گے۔ اس بات پر مہاتیر محمد اور ان کے اتحادیوں میں اختلافات جاری تھے اور کئی افواہیں گردش میں تھیں۔

پرائم منسٹر سیکریٹریٹ کے مطابق، ملائیشیا کے بادشاہ کو یہ استعفیٰ آج مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے بھجوایا گیا ہے۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ مہاتیر محمد کا قبل از وقت استعفیٰ شدید قسم کی ''سیاسی کوششوں'' کا نتیجہ ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ اگلا وزیرِ اعظم ان کے اتحادیوں ہی میں سے کوئی ہوگا یا اس مقصد کےلیے نئے انتخابات کروائیں جائیں گے۔

واضح رہے کہ 2018 میں جب مہاتیر محمد دوسری بار ملائیشیا کے وزیراعظم بنے تو ان کی عمر 92 سال تھی، اس طرح وہ دنیا کے معمر ترین وزیراعظم بھی قرار پائے۔
Load Next Story