بجلی کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں وزیراعظم

حکومت کی کوشش ہے جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم عمران خان

حکومت کی کوشش ہے جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے توانائی عمر ایوب، وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر اور متعلقہ وفاقی سیکرٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔


اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جب کہ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور اس میں ہونے والے نقصانات پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے کیے جانے والے معاہدوں، بر وقت انتظامی اصلاحات کو پس پشت ڈالے جانے اور رسیل و تقسیم کے شعبے میں ہونے والے نقصانات کو نظر انداز کرنے سے توانائی کے شعبے میں آج مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، اور اس کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ایک سے 300 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین اور کمزور طبقے کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کر رہی ہے تاہم انہیں عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، حکومت کی یہ کوشش ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے اور جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
Load Next Story