
سچل تھانے کی حدود گلشن کنیز فاطمہ سوسائٹی گلزارہجری روڈ پر اسکول وین (ہائی روف) رجسٹریشن نمبر پی اے 3017 میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی جس وقت اسکول وین میں آگ بھڑکی اس وقت وین میں اسکول کے بچے سوار تھے جنھیں بروقت وین سے اتارکرمحفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
آگ کے باعث اسکول وین مکمل طور پر جل گئی جبکہ آتشزدگی کے باعث اسکول وین میں بچوں کے بستے اور سامان بھی خاکستر ہو گیا، اسکول وین میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی روانہ ہوئی لیکن فائر بریگیڈ کے عملے کے پہنچنے سے قبل ہی اسکول وین میں لگنے والی آگ بجھ چکی تھی، اسکول وین میں آگ لگنے کی اطلاع پر سچل پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے اسکول وین کے ڈرائیور کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا جبکہ اسکول وین کوتحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
ایس ایچ او شفیق الرحمن نے بتایا کہ اسکول وین پٹرول پر چلائی جا رہی تھی اسکول وین میں سی این جی سلنڈر نصب ضرور ہے لیکن سی این جی کی لائن کٹی ہوئی تھی انھوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اسکول وین میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔