محکمہ جنگلات پنجاب کا موسم بہار کے دوران صوبے میں 10کروڑ پودوں کی فراہمی کا ہدف

پہلے سے لگائے گئے پودوں میں سے ہزاروں پودے مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے پروان نہیں چڑھ سکے


آصف محمود February 25, 2020
پہلے سے لگائے گئے پودوں میں ہزاروں پودے مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے پروان نہیں چڑھ سکے فوٹوانٹرنیٹ

وزیراعظم کے 10 بلین ٹری منصوبے کے تحت محکمہ جنگلات پنجاب نے موسم بہارکے دوران صوبے میں 10 کروڑ پودوں کی فراہمی کا ہدف رکھا ہے۔

محکمہ جنگلات پنجاب نے رواں سال موسم بہارکے دوران شجرکاری کے لئے 10 کروڑپودے تیار کئے ہیں۔اس مقصد کے لئے پنجاب بھرمیں 144 نرسریاں اور 363 سیل پوائنٹ بنائے گئے ہیں جہاں شہریوں کو انتہائی معمولی نرخوں پر موسمی پودے دستیاب ہوں گے۔

موسم بہارکی شجرکاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات سمیت مختلف سرکاری محکمے لاکھوں نئے پودے لگائیں گے تاہم دوسری طرف پہلے سے لگائے گئے پودوں میں ہزاروں پودے مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے پروان نہیں چڑھ سکے ہیں۔ فاریسٹ پارک جلو، چھانگا مانگا اورکرول جنگل میں لگائے پودے سوکھ کرختم ہوگئے ہیں

محکمہ جنگلات کے پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹر سلیم ملک نے بتایا کہ پودے بھی جاندارہوتے ہیں لہذا یہ ضروری نہیں ہوتا کہ شجرکاری کے دوران لگائے جانے والے تمام پودے ہی پروان چڑھ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا ٹارگٹ یہ ہوتا کہ 100 میں سے 75 پودے پروان چڑھ سکیں گے۔

تاہم دوسری طرف محکمہ جنگلات کے اس تخمینے کے برعکس اس سے زیادہ تعداد میں پودے پروان نہیں چڑھ پاتے اورلگائے جانے کے چندہفتوں بعد ہی سوکھ جاتے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ ان کوبروقت پانی کی عدم دستیابی، ان کی جڑوں کازمین میں درست طورپر مضبوطی نہ پکڑنا اور یا پھرپودے کے گرد بارش کاپانی زیادہ عرصہ تک جمع رہنا ہے۔ اس کے علاوہ کئی مقامات پر لاگئے گئے پودوں کے پتوں کوجانورکھاجاتے ہیں جبکہ کئی پودے کاشت کی گئی زمین پر پروان ہی نہیں چڑھ پاتے ہیں۔

شجرکاری کے دوران لگائے گئے زیادہ تر ایسے پودے پروان نہیں چڑھ پاتے ہیں جومحکمہ جنگلات کی بجائے دیگرسرکاری محکمے شوقیہ مہم کے دوران لگاتے ہیں ،ان محکموں کی طرف سے لگائے گئے پودوں کا بعد میں خیال نہیں رکھاجاتا ہے۔ بی آربی کینال کے کنارے کے ساتھ ہزاروں پودے لگائے گئے تھے جن میں بہت کم پودے پروان چڑھ سکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں