نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ ہونا اقدام قتل کے مترادف ہے شہباز شریف

3 مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کو زندہ رہنے کے حق سے محروم کیا جارہا ہے، صدر (ن) لیگ


ویب ڈیسک February 25, 2020
پنجاب حکومت سیاسی انتقام، حسد، بغض، تکبر اور ضد میں اندھی ہوچکی ہے، شہباز شریف فوٹوفائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی ضمانت میں توسیع نہ ہونا اقدام قتل کے مترادف ہے۔

شہباز شریف نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کے پنجاب حکومت کے فیصلے کی شدید مذمت اور اظہار افسوس کیا ہے، انہوں نے کہا کہ علاج کسی بھی انسان کا بنیادی انسانی، قانونی حق ہے، نواز شریف کو دل، شریانوں کی تکلیف، گردے اور شوگر کا مرض لاحق ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 3 مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کو زندہ رہنے کے حق سے محروم کیا جارہا ہے جس نے پاکستان کوترقی دی، عوام کے سامنے فیل ہوجانے والے حکمرانوں کے پاس نوازشریف کی صحت پر سیاست کے سوا اور کچھ نہیں بچا، آج ثابت ہوگیا کہ پنجاب حکومت سیاسی انتقام، حسد، بغض، تکبر اور ضد میں اندھی ہوچکی ہے۔

یہ پڑھیں : نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد

 

دوسری جانب شہبازشریف نے کہا ہے کہ معاشی حکمت عملی سوچے بغیر 12000 ارب قرض قوم سے سنگین غداری اور ظلم ہے۔ اپنے بیان میں شہبازشریف نے نجی شعبے کی جانب سے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پاکستانی معیشت کا نائن الیون ہے، رواں مالی سال کے 7 ماہ کی یہ صورتحال معاشی تباہی وبربادی کی دہائی ہے، اسٹیٹ بینک کی یہ رپورٹ حکومتی معاشی دعووں کو جھوٹ ثابت کررہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کا بینکوں سے قرض نہ لینا ثبوت ہے کہ ملک میں معیشت کا پہیہ رُک چکا ہے، 13.25 فیصد کی بلند ترین شرح سود پر فیکٹری اور کارخانے تو دور ریڑھی بھی نہیں لگ سکتی، بجلی گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ اور 15 فیصد مہنگائی معیشت کے لئے کورونا وائرس کی طرح مہلک ہے، معاشی حکمت عملی سوچے بغیر 12000 ارب قرض قوم سے سنگین غداری اور ظلم ہے، کرپشن اورچوری میں اضافہ، نااہلی اور نالائقی معاشی تباہی کی آگ پر تیل کاکام کررہی ہے، معیشت کومے میں ہے اور ہنگامی اقدامات نہ ہوئے تو مریض کا زندہ بچنا مشکل ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں