کمزور نظر کے ساتھ میک اپ آسان

ایک عدسے کی عینک کے ذریعے خواتین کی مشکل حل

ایک عدسے کی عینک کے ذریعے خواتین کی مشکل حل۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI:
جن خواتین کی قریب کی نگاہ کمزور ہوتی ہے، انہیں اپنے بہت سے امور کی انجام دہی کے دوران خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جس میں سب سے زیادہ مسئلہ اس وقت ہوتا ہے جب وہ میک اپ کے لیے آئینے کے روبرو کھڑی ہوتی ہیں اور جب انہیں اپنی آنکھوں پر مسکارا، آئی لیشز اور لائنر لگانے ہوں تو چارو ناچار انہیں عینک اتارنا ہی پڑتی ہے، جس کے باعث انہیں درست دکھائی نہیں دیتا، نتیجتاً وہ صحیح طور اپنی آنکھوں کو نہیں سنوار پاتیں، اس کا حل بہت سی خواتین یوں نکالتی ہیں کہ کسی دوسری خاتون کی مدد سے یہ کام انجام دیتی ہیں، لیکن اکثر خواتین یہ کام خود انجام دینے سے ہی مطمئن ہوتی ہیں، مگر دوسری طرف اس بیچ ان کی قریب کی کمزور نگاہ آڑے آتی ہے اور وہ خود سے جب یہ کام انجام دیتی ہیں تو پھر ظاہر ہے آنکھوں کا میک اپ صحیح طور نہیں ہو پاتا۔


کمزور نظر کی حامل خواتین کی اس مشکل کے حل کے لیے ماہرین نے ایک خصوصی چشمہ تیار کیا ہے، جس میں دو کے بہ جائے ایک عدسہ ہے، یہ بہ آسانی دائیں سے بائیں اور بائیں سے دائیں حرکت کر سکتا ہے۔ اس چشمے کی مدد سے ایک آنکھ کی کمزور نظر کا ازالہ کرتے ہوئے دوسری آنکھ کا میک اپ کرنا ممکن ہوگا۔

اب کمزور نظر کی حامل خواتین اس چشمے کی مدد سے آنکھوں پر باری باری آئی لائنر، مسکارا اور آئی شیڈ وغیرہ کو حسب منشا لگا سکیں گی، کیوں کہ جن خواتین کی قریب کی نظر کمزور ہوتی ہے، تو وہ میک اپ کرتے سمے جب آئینے کے روبرو ہوتی ہیں، تو انہیں خاصی دشواری ہوتی ہے، کیوں کہ اس لمحے ان کی آنکھوں پر چشمہ موجود نہیں ہوتا۔ ان کی اس مشکل کے حل کے لیے خصوصی عینک تیار کی گئی ہے۔

یہ عینک یوں تو عام عینک کی طرح ہی ہے، لیکن دو کے بہ جائے ایک عدسے سے مزین ہے، جو بہ آسانی دونوں جانب حرکت کر سکتا ہے۔ اس طرح ایک آنکھ پر عدسہ رکھ کر دوسری آنکھ کا میک اپ بہتر طریقے سے کیا جا سکتا ہے۔ آپ دوسری آنکھ سے اپنی نظر بہتر رکھ سکتی ہیں، لیکن جن خواتین کی دونوں آنکھوں کی نظر کا نمبر مختلف ہے، ان کے لیے ایسے خصوصی چشموں میں خصوصی طور پر دونوں جانب گھومنے والے دو مختلف عدسے لگانے پڑیں گے، جس میں میک اپ کرتے ہوئے ایک وقت میں ایک عدسہ درمیان میں اور ایک عدسہ ایک آنکھ کو ڈھانکے ہوئے ہوگا۔ اس طرح دائیں آنکھ کا شیشہ دائیں آنکھ اور بائیں آنکھ کا شیشہ بائیں آنکھ کی طرف موڑ کر میک اپ ممکن ہوگا، جب کہ دونوں میں سے ایک عدسہ یا شیشہ چشمے کے درمیان میں رہے گا۔
Load Next Story