دہلی مسلم کش فسادات پر بالی ووڈ فنکاروں کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہوگیا
بھارتی حکومت کی جانب سے نافذ کیے جانے والے مسلم مخالف قانون کے باعث پورا بھارت جل اٹھا ہے اور تقریباً ہر شہرمیں اس قانون کے خلاف مظاہرے اور احتجاج جارہی ہیں۔ تاہم تین روز قبل دہلی کی صورتحال اس وقت بد تر ہوگئی جب مسلم مخالف شہریت کے قانون کے خلاف پرامن دھرنے پر بیٹھے مظاہرین پر مسلح ہندو جتھوں نے حملہ کردیا۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ انتہاپسند ہندوؤں کے حملوں میں مزید شدت آتی جارہی ہے یہاں تک کہ دہلی مسلم کش فسادات میں اب تک 20 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں ۔ دہلی کے حالات اس حد تک خراب ہوچکے ہیں وہاں کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے صورتحال کنٹرول کے لیے شہر میں کرفیو نافذ کرنے اور فوج طلب کرنے کی درخواست کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہلی مسلم کش فسادات میں 20 جاں بحق
بھارتی حکومت کی جانب سے نافذ کیے جانے والے متنازع شہریت کے قانون کے خلاف ابتدا ہی سے بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں جن میں بالی ووڈ کے ان فنکاروں کی آوازیں بھی شامل ہیں جو اس قانون کے خلاف ہیں۔ لیکن افسوس کی بات تو یہ ہے کہ متنازع شہریت کے قانون اور مسلم کش فسادات پر بالی ووڈ کے نام نہاد نامور فنکاروں کی جانب سے مکمل خاموشی طاری ہے جو ان کے بے حس ہونے کا ثبوت دیتی ہے۔ ان فنکاروں میں شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان، امیتابھ بچن، ایشوریا رائے بچن، کرینہ کپور جیسے بڑے اداکار شامل ہیں جن کی آوازیں واقعی اثر رکھتی ہیں لیکن ان کی خاموشی پر خود ان کے چاہنے والے بھی حیران ہیں۔
دوسری جانب ہدایت کار انوراگ کیشپ، سوارا بھاسکر، جاوید جعفری اور ٹی وی اداکارہ شروتی سیٹھ سمیت بہت سے فنکار مسلم دشمنی والے اس قانون کے خلاف ابتدا ہی سے آوازیں بلند کررہے ہیں۔ حال ہی میں دہلی مسلم کش فسادات پر بھی ان فنکاروں نے آواز بلند کی ہے۔
انوراگ کیشپ
انوراگ کیشپ کا شمار بالی ووڈ کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو شروع سے ہی متنازع شہریت کے قانون کے خلاف ہیں اور کھل کر مودی اورپی جے پی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔ دہلی فسادات پر انوراگ کیشپ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا آج یہ بات بالکل واضح ہوگئی ہے کہ سی اے اے(سٹیزن امیڈمنٹ شپ ایکٹ) کے حامیوں کا مطلب اینٹی مسلم(مسلم مخالف) کے سوا اور کچھ نہیں۔
جاوید جعفری
اداکار جاوید جعفری نے دہلی فسادات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ان واقعات کو دیکھ کر صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس میں گندی سیاست شامل ہے۔
کریتیکا کامرا
بھارتی ٹی وی کی نامور اداکارہ کریتیکا کامرا نے ٹوئٹ کیا مہربانی کرکے انہیں سی اے اے کا حامی کہنا چھوڑدو بلکہ آئیں انہیں اس نام سے پکاریں جو وہ ہیں 'مسلم مخالف'۔ وہ یہ سب سی اے اے کے لیے نہیں کررہے بلکہ وہ اس حقیقت سے نفرت کرتے ہیں کہ مسلمانوں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو ان کو حاصل ہیں۔
ویشال ڈاڈلانی
نامور بھارتی موسیقار ویشال ڈاڈلانی نے لکھا مظاہرین سی اے اے کے خلاف گزشتہ دو ماہ سے احتجاج کررہے ہیں اس وقت توکوئی تشدد دیکھنے میں نہیں آیا جب تک کہ سی اے اے کے حامی میدان میں نہیں آگئے سوچنے والی بات ہے۔
سوارا بھاسکر
اداکارہ سوارا بھاسکر نے دارالحکومت دہلی کی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی سے درخواست کرتے ہوئے کہا میری آپ سے فوری درخواست ہے ٹوئٹ کرنے سے آگے بڑھیں۔
ایشا گپتا
اداکارہ ایشا گپتا نے دہلی کی صورتحال کا شام سے موازنہ کرتے ہوئے کہا پرتشدد لوگ صرف شر انگیزی پھیلاتے ہیں اس بات کو جانے بغیر کہ وہ کس چیز کے لیے کھڑے ہیں، ایسے لوگ میرے ملک اور میرے شہر کو غیر محفوظ بنارہے ہیں۔
شروتی سیٹھ
بھارتی ٹی وی کی ایک اور اداکارہ شروتی سیٹھ نے لکھا میرے ملک کو جلانا بند کریں۔