پاکستان کینگروزکا حساب چکتا کرنے کیلیے بے چین

پہلا ٹوئنٹی20 آج ہوگا،تازہ دم اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی شمولیت سے حوصلے بلند ہو گئے


Sports Desk September 05, 2012
پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک اور عبدالرزاق پریکٹس کے دوران محو گفتگو۔ فوٹو : اے ایف پی / ایکسپریس

پاکستان اورآسٹریلیاکے درمیان ٹوئنٹی 20 سیریز کا آغاز بدھ سے دبئی اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں ہورہا ہے۔

گرین شرٹس ون ڈے سیریزکا حساب چکتا کرنے کیلیے بے چین ہیں، تازہ دم ٹی 20 اسپیشلسٹ پلیئرزکی شمولیت سے میزبان سائیڈ کے حوصلے بلند ہوگئے، عمران نذیر، عبدالرزاق، عمرگل اور محمد سمیع صلاحیتوں کے اظہار کیلیے تیار ہیں، یاسر عرفات کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔

بائیں انگوٹھے کی چوٹ کے باعث شاہد آفریدی کی ابتدائی دو میچز میں شرکت مشکوک ہے،کپتان محمد حفیظ کے مطابق مختصر فارمیٹ میں نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان سنبھالیں گے، آسٹریلیا کو زیر کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، دوسرے اینڈ سے بولرز کو سعید اجمل کا ساتھ دینا ہوگا۔

ادھر آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو آرام دیے جانے کا امکان ہے، کینگرو دستے میں بھی مختصر طرز کے ماہرین نے پوزیشنز سنبھال لیں، کپتان جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ون ڈے کی طرح ٹی20 سیریز میں فتح حاصل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 2-1 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، مگر ٹیم فوری طور پر اس رسوائی کو پس پشت ڈالتے ہوئے ٹوئنٹی 20 جنگ کیلیے تیار ہے، اس طرز کے تینوں میچز دبئی اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، ماہر کھلاڑیوں کی شمولیت سے میزبان کے حوصلے کافی بلند ہوگئے۔

ون ڈے سیریز میں آرام پانے والے عمرگل دوبارہ لوٹ آئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جارح مزاج اوپنر عمران نذیر، فاسٹ بولر محمد سمیع، آل رائونڈرعبدالرزاق اور یاسر عرفات شامل ہیں۔ شاہد خان آفریدی کی ابتدائی دو میچز میں شرکت مشکوک قرار دی جارہی ہے، تیسرے ون ڈے میں آفریدی کے بائیں ہاتھ پر شدید چوٹ آئی جس پر ان کو ٹانکے لگوانے پڑے، ڈاکٹر نے انھیں پانچ روز آرام کی ہدایت دی ہے،ٹیم منیجر اکرم چیمہ نے کہا کہ پیر کے میچ میں ہی آفریدی کی انجری دیکھی جاسکتی تھی، ان کو دو ٹانکے لگوانے پڑے۔

ہم نے انھیں میدان میں اتارنے کے بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ ٹوئنٹی 20 میں پاکستان کی قیادت محمد حفیظ کے ہاتھوں میں ہوگی، انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تین میچز دونوں ٹیموں کیلیے ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع ہیں، ون ڈے سیریز نہ جیتنا ہمارے لیے مایوس کن مگر ہمارا اعتماد بدستور بلند ہے، ہماری ٹوئنٹی 20 ٹیم کافی بہتر اور ہم اس طرز میں آسٹریلیا کو شکست دے سکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ سعید اجمل ورلڈ کلاس بولر ہیں مگر ہم صرف ان پر انحصار نہیں کررہے، دوسرے اینڈ سے دیگر بولرز کو ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ ادھر آسٹریلیا اس سیریز میں اپنے اہم فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو آرام دے سکتا ہے۔

جنھوں نے اپنی ٹیم کو ون ڈے سیریز جتوانے میں کلیدی کردار ادا کرکے بہترین پلیئرکا اعزاز حاصل کیا، مہمان ٹوئنٹی 20 ٹیم میں اسٹار آل رائونڈر شین واٹسن کی واپسی ہوئی جبکہ فاسٹ بولرز بین ہلفنہاس، کلنٹ میک کے ، پیٹ کمنز،مڈل آرڈر بیٹسمین کیمرون وائٹ اور بریڈ ہوگ بھی یو اے ای پہنچ چکے، نوجوان فاسٹ بولر الیسٹر میک ڈرمٹ کو ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ نہ ہونے کے باوجود یو اے ای میں ہی روک لیا گیا ہے۔

اس طرز میں آسٹریلوی کپتان جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ہم ون ڈے کے بعد ٹوئنٹی 20 سیریز بھی جیتنے کیلیے پُراعتماد ہیں، ٹیم میں تازہ دم کھلاڑی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ان مختصر فارمیٹ کے میچز کیلیے کینگروز کو اپنے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی خدمات بھی حاصل ہو گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں