6ٹاپ ٹیمیں رواں ہفتے ورلڈ ٹی20کیلیے ہتھیارآزمائینگی

آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں پاکستان کے پاس رینکنگ میں بہتری کا موقع موجود ہوگا

آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں پاکستان کے پاس رینکنگ میں بہتری کا موقع موجود ہوگا(فوٹو : فائل)

دنیائے کرکٹ کی 6 ٹاپ ٹیمیں رواں ہفتے ٹی20 ورلڈ کپ کیلیے ہتھیار آزمائیں گی، پاک آسٹریلیا میچز کے ساتھ انگلینڈ جنوبی افریقہ سے اور بھارت کیویزکا سامنا کرے گا۔

انگلش سائیڈ اور پروٹیز کے درمیان اس فارمیٹ میں بھی نمبر ون پوزیشن کی جنگ ہوگی، پاکستان کے پاس بھی سیریز جیت کر رینکنگ بہتر بنانے کا موقع موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق 18 ستمبر سے 7 اکتوبر تک سری لنکا میں شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں شریک 12 میں سے ٹاپ 6 سائیڈز رواں ہفتے ایکشن میں ہوں گی۔

بدھ سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شروع ہونے والی تین میچز کے سیریز کے ساتھ انگلینڈ وجنوبی افریقہ اور بھارت و نیوزی لینڈ بھی مختصر ترین فارمیٹ میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گے، انگلش سائیڈ اور پروٹیز کے درمیان تین میچز کی سیریز 8 ستمبر سے چیسٹر لی اسٹریٹ میں شروع ہوگی، بلو شرٹس اور کیویز دو مقابلوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 8 ستمبر کو ہی وشاکا پٹنممیں کریں گے۔


ان میچز کی بدولت تمام 6ٹیموں کو میگا ایونٹ سے قبل اپنی تیاریوں کا اچھی طرح جائزہ لینے کا موقع میسر آئے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فارمیٹ میں بھی انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان نمبر ون پوزیشن کے لیے جنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس سے قبل ٹیسٹ سیریز میں پروٹیز نے انگلش ٹیم سے نمبر سائیڈ کا اعزاز چھینا پھر ون ڈے سیریز کے آغاز میں بھی ٹاپ ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا، مگر انگلینڈ نے مسلسل دو ون ڈے جیت کر نمبر ایک پوزیشن سنبھال لی ہے۔

اسی طرح اس وقت جنوبی افریقہ ٹی 20 رینکنگ میں ٹاپ پر موجود ہے مگرپہلا میچ جیتتے ہی انگلش ٹیم نمبر ون ہوجائے گی،اسے اس جگہ پر استحکام کے لیے پروٹیز کو 2-1 سے پچھاڑنا ہوگا۔ پاکستان اس وقت ٹی 20 رینکنگ میں چھٹے جبکہ آسٹریلیا نویں نمبر پر ہے، سیریز جیت کر گرین شرٹس رینکنگ بہتر بناسکتے ہیں، اسی طرح کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری کا امکان ہے۔

اس فارمیٹ کے ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں پاکستان کے صرف عمر اکمل 16 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ بولرز میں سعید اجمل انگلینڈ کے گریم اسمتھ سے نمبر ون پوزیشن چھین سکتے ہیں، شاہد آفریدی چوتھے اور محمد حفیظ دسویںنمبر پر ہیں، آل رائونڈر میں شاہد آفریدی دوسرے اور محمد حفیظ چوتھے نمبر پر ہیں، ٹاپ پر شین واٹسن کا قبضہ ہے۔
Load Next Story