کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں خوف کی فضا

ایک ماہ کے دوران ایران سے آنے والے زائرین کی فہرستیں تیار


ویب ڈیسک February 27, 2020
پاک ایران سرحد پانچویں روز بھی بند فوٹو: فائل

ISLAMABAD: کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں خوف کی فضا ہے۔

گزشتہ روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے کراچی اور اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں خوف کی فضا برقرار ہے۔ کراچی میں کورونا کے ایک کیس کی تصدیق کے بعد سندھ حکومت نے 27 اور 28 فروری کو سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر جہاں ایک جانب بلوچستان سے متصل ایران کی سرحد مسلسل پانچویں روز بھی بند ہے، وہیں بلوچستان حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے اور دینی مدارس 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران میٹرک کے امتحانات بھی نہیں ہوں گے۔

پنجاب میں بھی ایک مشکوک کیس

پنجاب کے شہر سوہاوہ کے علاقہ ٹبی سیداں کی رہائشی عابدہ نسرین سوہاوہ کو محکمہ صحت کی ٹیموں نے اسپتال کے پرائیوٹ کمرے میں منتقل کردیا ہے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم کا کہنا ہے کہ خاتون چند روز قبل ایران سے واپس آئی ہیں، یہ کورونا وائرس کا مشتبہ کیس ہے مریضہ کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد بھیج دئیے گئے ہیں۔ رپورٹس کے نتائج آنے سے قبل اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی جاسکتی۔

کراچی میں مریض کی خصوصی نگہداشت

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنی ٹوئٹ میں کراچی سے کورونا وائرس کے مریض کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم محکمہ صحت سندھ کے ترجمان نے مریض کی شناخت یحییٰ جعفری کے نام سے کی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ترجمان محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کی ہے کہ یحییٰ جعفری چند روز قبل ایران سے کراچی واپس آیا ہے۔

مریض کے اہل خانہ کے خصوصی ٹیسٹ

وائرس کی تشخیص کے بعد یحییٰ جعفری اور اس کے اہل خانہ کو مخصوص وارڈ میں منتقل کردیا گیا تاہم اہل خانہ میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔ ڈاؤ میڈیکل اسپتال اوجھا کیمپس میں اہل خانہ کے لیے گئے ٹیسٹ کے منفی نتائج سامنے آئے، وائرس کی تشخیص نہ ہونے کے باعث اہل خانہ کو آئسولیشن وارڈ سے ڈسچارج کردیا گیا۔

سندھ حکومت میں ہنگامی اجلاس

کراچی میں کورونا وائرس رپورٹ ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں ہنگامی اجلاس ہوا ۔ اجلاس سے خطاب کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آنے پر اجلاس بلانا پڑا ہے، کرونا وائرس ایک عالمی مسئلہ بنتا جا رہا ہے، ہمیں کرونا وائرس کو روکنے کے لیے مؤثر تدابیر کرنی ہیں۔

سندھ میں ایمرجنسی سیل قائم

محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا گیا کہ اوجھا کیمپس، سول اسپتال، لیاری اسپتال، میرپورخاص سول اسپتال، گمس سکھر، پمس نواب شاہ، لمس حیدرآباد، سی ایم سی ایچ لاڑکانہ میں آسولیٹڈ وارڈ بنائے گئے ہیں، محکمہ صحت میں ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا ہے، جس کے رابطہ نمبر 99204405 اور 99203443-021 ہیں۔

مریض کے ہم سفروں کی بھی اسکریننگ

وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے مریض کے ساتھ سفر کرنے والے 28 دیگر مسافروں کی ہدایت دی، جس پر انہیں بتایا گیا کہ جن 28 لوگوں نے کرونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ سفر کیا ہے ان سے رابطہ ہوگیا ہے، یہ تمام 28 لوگ خود بھی محکمہ صحت سے رابطے میں ہیں اور تعاون کررہے ہیں۔

عوام میں آگہی مہم چلانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ وزارتوں کے ذمہ داروں کو ہدایت کی کورونا وائرس سے متعلق عوام میں آگاہی کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے۔ جو اشیاء اسپتالوں کے لیے چاہییں اس کی فوری خریداری کی جائے۔

ایران سے آنے والوں کی اسکریننگ

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ایران سے آنے والے 1500 افراد کی شناخت ہوچکی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی ایران سے آنے والوں افراد کی اسکریننگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تمام تفصیلات یعنی موبائل فون نمبرز اور پتے بھی ریکارڈ کا حصہ بنائے جائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا عوام کو پیغام

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام کو پیغام میں کہا ہے کہ میرا سندھ کے عوام کو واضح پیغام ہے کہ نہ گبھرائیں، کورونا وائرس رپورٹ ہونے پر پریشان ہونے والی کوئی بات نہیں، عوامی حکومت آپ کا پورا پورا خیال رکھے گی، آپ تمام لوگ رضاکارانہ طور پر تعاون کریں۔

کراچی میں زائرین کی فہرست تیار

صوبائی محکمہ صحت نے حالیہ چند روز کے دوران ایران سے کراچی پہنچنے والے زائرین کی فہرست مرتب کرلی ہے جس میں کراچی پہنچنے والوں کے نام ، پتے ، قومی شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبرز بھی شامل ہیں ، کراچی سے ایران جانے والے زائرین اور دیگر مسافروں کی تعداد 5 سوسے زائد بتائی گئی ہے۔

بلوچستان حکومت بھی تیار

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بلوچستان حکومت پوری تیار ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتیں، فوج اور دیگر وفاقی ادارے سب گزشتہ ایک ماہ سے معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔

اسکردو میں دفعہ 144 نافذ

کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر ضلع اسکردو کی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کو 15 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ عوامی اجتماعات، سیمینارز اور کانفرنس پر بھی تاحکم ثانی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے ہمسایہ ممالک سے کورونا وائرس کی منتقلی کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے موسمی پرندوں کے شکار پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ پرندوں کے شکار پر پابندی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں