وزیراعلیٰ سندھ کا کورونا وائرس متاثرین کے لیے اسپتال مختص کرنے کا اعلان

بیرونِ ملک سے کراچی آنے والوں کی سخت مانیٹرنگ اور اسکریننگ کریں، وزیراعلیٰ سندھ کی ائیرپورٹ حکام کو ہدایت


ویب ڈیسک February 27, 2020
ایران سے آنے والے لوگوں کو کہیں گے کہ اپنے گھروں میں رہیں، وزیراعلیٰ سندھ۔ فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک اسپتال کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کل شام نجی اسپتال میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا، متاثرہ شخص کےاہلخانہ کو قرنطینہ میں رکھا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سےآنے والے 1500 افراد کا ڈیٹا جمع کرلیا ہے جب کہ ایران سے آنے والے لوگوں کو کہیں گے کہ اپنے گھروں میں رہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں 2 دن کے لیے اسکول بند کردیے ہیں جب کہ کمشنر آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے، ماسک کی کمی پورا کرنے کے لیے ویئر ہاؤسز سے رابطہ کریں گے اور ماسک کی اصل قیمت پر فروخت کو یقینی بنائیں گے جب کہ مہنگا ماسک بیچنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک اسپتال کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے مختص کررہے ہیں، کورونا سے متعلق اسپتال میں آلات و ڈاکٹرز اسپیشل ہوں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق ایک بھی میٹنگ میں نہیں بلایا، وفاقی حکومت پارٹی بنیادوں پر نہیں بلکہ قومی معاملہ سمجھ کر سوچے تاہم اگر وفاقی حکومت کو کوئی مدد درکار ہے تو ہم مدد کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ حکام نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ نے ائیرپورٹ پر اسکریننگ عمل سمیت ایران اور چین سے آنے والی پروازوں کے حوالے سے اقدامات پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام سے معلومات لیں۔ ائیرپورٹ حکام نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ائیرپورٹ پر آئسولیشن رومز قائم کیے ہیں جب کہ اسکریننگ کا عمل بھی جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ائیرپورٹ حکام کو اسکریننگ کے عمل کو سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک سے کراچی آنے والی پروازوں کی سخت مانیٹرنگ اور مسافروں کی اسکریننگ کی جائے۔

content.jwplatform.com

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔