عالمی طاقتوں سے طے پانے والے ایٹمی معاہدے پر جلد عملدرآمد ہوگاایرانی وزیرخارجہ

ہم نے ثابت کردیا ہے کہ اس سے دھونس اور دھمکی کی زبان میں گفتگو نہیں کی جاسکتی، ایرانی وزیر خارجہ


ویب ڈیسک November 25, 2013
جنیوا مذاکرات کے بعد ایرانی وزیرخارجہ وطن واپس پہنچ گئے۔ فوٹو:فائل

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر جلد ہی عمل درآمد ہوجائے گا۔

جنیوا میں کامیاب مذاکرات اور معاہدے کے بعد ایران واپسی پرمیڈیا سے گفتگو کے دوران ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران نے دنیا کے سامنے یہ ثابت کردیا ہے کہ اس سے دھونس اور دھمکی کی زبان میں گفتگو نہیں کی جاسکتی اور ایران کے عوام باہمی احترام کی زبان جانتے اور سمجھتے ہیں۔ عالمی طاقتوں سے طے پانے والے جوہری معاہدے کے تحت ایران کا کوئی بھی ایٹمی مرکز بند نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے آج سے ہی کام شروع کردیاجائے گا جس سے ایران پرعائد غیر منصفانہ اقتصادی پابندیاں ختم ہوجائیں گی اور ملک کی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔

دوسری جانب امریکی کانگریس نے ایران کو خبر دار کیا ہے کہ معاہدے پرعمل درآمد نہ ہوا توتہران کو پہلے سے بھی سخت اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

واضح رہے کہ دنیا کی 6 عالمی طاقتوں کے درمیان گزشتہ روز جنیوا میں طے پانے والے معاہدے کے تحت ایران اپنی یورینیئم افزودگی میں 95 فیصد تک کمی لائے گا اور اس کے ایٹمی تنصیبات ہمہ وقت عالمی ماہرین کے معائنے کے لئے کھلی ہوں گی، جس کے بدلے میں عالمی قوتیں ایران پر عائد پابندیاں اٹھالیں گی اور اسے 7 ارب ڈالر بھی فراہم کئے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں