تحریک انصاف کی ہنگو ڈرون حملے میں امریکا اور سی آئی اے کو نامزد کرنے کی درخواست

آئی جی خیبر پختونخوا نے مقامی تفتیشی افسران کو درخواست کے مطابق مزید کارروائی کی ہدایت کردی


ویب ڈیسک November 25, 2013
ہنگو میں مدرسے پر ہونے والے امریکی ڈرون حملےکے نیتجےمیں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

تحریک انصاف نے آئی جی خیر پختونخوا سے ہنگو ڈرون حملے میں امریکا اور اس کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کو نامزد کرنے کی درخواست کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہنگو ڈرون حملے میں امریکا اور سی آئی اے کو نامزد کرنے کی درخواست تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری قانونی امور بیرسٹر سلیمان نے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ناصر درانی کو دی، جس پر آئی جی کی جانب سے مقامی تفتیشی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے۔ درخواست میں وزارت خارجہ کے مذمتی بیان، ڈرون حملوں سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی خبر کو بطور شواہد درج کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے 23 نومبر کو ہنگو کی تحصیل ٹل میں ہونے والے ڈرون حملے کی ایف آئی آر تھانہ ٹل کے ایس ایچ او فرید خان کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی تھی، ایف آئی آر میں ایس ایچ او کا کہنا تھاکہ حملے میں مارے جانے والے تمام افراد کا تعلق افغانستان سے تھا اور وہ ڈرون حملے سے ایک ان قبل ہی پاکستان آئے تھے۔

واضح رہے کہ جمعرات کو ہنگو کی تحصیل ٹل میں مدرسے پر ہونے والے امریکی ڈرون حملےکے نیتجےمیں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، پاکستان کے قبائلی علاقوں میں متعدد ڈرون حملے ہوتے رہے ہیں تاہم خیبر پختونخوا میں یہ پہلا حملہ تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔