یورپی یونین بھی نیب کے سیاسی انتقام کی نشاندہی کررہی ہے بلاول بھٹو زرداری

پاکستان گزشتہ حکومت سے لے کر اب تک یورپی یونین کی مارکیٹوں تک رسائی کے معاملے میں کمزور رہا، چیئرمین پی پی پی


ویب ڈیسک February 27, 2020
چیئرمین نیب کو یورپی یونین کی رپورٹ کے حوالے سے وضاحت دینا ہوگی، چیئرمین پی پی پی۔ فوٹو : فائل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیب کے سیاسی انتقام کی یورپی یونین جیسے عالمی ادارے بھی نشان دہی کررہے ہیں۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے ملکی معیشت کے لئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا موقع پیدا کیا تھا، اور دہشت گردی کے شکار پاکستان کی یورپی مارکیٹوں تک رسائی ممکن بنائی، لیکن گزشتہ حکومت سے لے کر اب تک ہم یورپی یونین کی مارکیٹوں تک اپنے تاجروں کی رسائی کے معاملے میں کمزور رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارے جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے متعلق یورپی یونین کی رپورٹ کافی خطرناک ہے، یورپی یونین نے جی ایس پی پلس کے حوالے سے نیب کے کردار پر سخت تنقید کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان میں نیب کو صرف اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے اور نیب حکومتی افراد پر نرم ہاتھ رکھتا ہے۔ ہم پہلے بھی کہتے رہے ہیں کہ نیب کے کردار سے ملکی معیشت کو نقصان ہورہا ہے اور یورپی یونین جیسے عالمی ادارے بھی نیب کے سیاسی انتقام کی نشان دہی کررہے ہیں، چیئرمین نیب کو یورپی یونین کی رپورٹ کے حوالے سے وضاحت دینا ہوگی۔

کرونا وائرس سے متعلق چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جب کرونا وائرس کا معاملہ سامنے آیا تو سندھ پہلا صوبہ تھا کہ جس نے جناح اسپتال میں آئسولیشن وارڈ بنایا، لیکن کوئی بھی صوبائی حکومت تنہا کرونا وائرس جیسی وباء کا مقابلہ نہیں کرسکتی، وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ وبائی امراض کا مقابلہ کرے، سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتیں اپنی حیثیت کے مطابق کرونا وائرس کے لئے اقدامات کررہی ہیں، سندھ میں کرونا وائرس کا معاملہ جب سامنے آیا تو وفاقی حکومت کے کسی ذمہ دار تک رسائی نہ ہوسکی۔

بلاول بھٹو نے اپنے گزشتہ دنوں بیان کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف کے ماضی کے حوالے سے میرے تبصرے کو موجودہ صورت حال کے تناظر میں پیش کیا گیا، جب کہ میں نے نواز شریف کی 90 کی دہائی کی سیاست کے حوالے سے ایک تبصرہ کیا تھا، مسلم لیگ (ن) کے لئے جتنی میں نے بات کی ہے اتنی تو ان کی قیادت نے بھی نہیں کی ہوگی، ہم پاکستان میں ہر سیاسی انتقام کے شکار کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں