پاکستان اور ترکی کے درمیان مقامی کرنسیوں میں تجارت شروع

دونوںملکوں کے درمیان تجارت کوفروغ ملے گا، ایک ارب ڈالرکے مساوی کرنسی سواپ ارینجمنٹ پر.....

دونوںملکوںکے درمیان تجارت کوفروغ ملے گا، ایک ارب ڈالرکے مساوی کرنسی سواپ ارینجمنٹ پر عملدرآمد کیلیے اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایات جاری کر دیں فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سینٹرل بینک آف ری پبلک آف ترکی (سی بی آر ٹی) کے مابین 3سالہ باہمی ''کرنسی سواپ ارینجمنٹ'' (سی ایس اے) پر منگل سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

اس کرنسی سواپ ارینجمنٹ کی مالیت مقامی کرنسیوں میں ایک ارب ڈالر کے مساوی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ضروری مشاورت اور سی بی آرٹی کے ساتھ آپریشنل رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد اس ارینجمنٹ پر عملدرآمد کیلیے بینکوں کو سرکلرکے ذریعے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر یاسین انور اور سی بی آرٹی کے گورنر Erdem Basc نے اس دوطرفہ سی ایس اے پر گزشتہ سال نومبر میں اسلامی جمہوریہ پاکستان اور جمہوریہ ترکی کے صدور کی موجودگی میں دستخط کیے تھے، کرنسی سواپ کا مقصددونوں ملکوں کے مابین متعلقہ ملکی کرنسیوں میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا اور ان دیگر مقاصد کو پورا کرنا ہے جن پر دونوں مرکزی بینک باہم اتفاق کریں۔

چونکہ سی ایس اے دوطرفہ مالی لین دین ہے اس لیے دونوں ملکوں پر تمام شرائط و ضوابط کا مساوی اطلاق ہو گا اور قیمت بندی (پرائسنگ) مارکیٹ کے ان معیاری بینچ مارکس پر مبنی ہو گی جو دونوں ملکوں کی متعلقہ ملکی منڈیوں میں عموماً قابلِ قبول ہیں۔

اسٹیٹ بینک سے بینکوں کو جاری عملدرآمد کی ہدایات کے مطابق دونوں مرکزی بینکوں کے درمیان ''کرنسی سواپ ارینجمنٹ'' سے onshore market میں دوسرے ملک کی کرنسی کی لیکویڈیٹی (سیالیت) دستیاب ہونے کے حوالے سے ایک مثبت اشارہ ملے گا۔

اس ارینجمنٹ سے دونوں ملکوں کے مابین باہمی تجارت کی فنانسنگ کیلیے دستیاب لیکویڈیٹی کے پول کو وسعت ملے گی جو سیالیت کیلیے پہلے سے دستیاب ذرائع کے ساتھ ساتھ اضافی ہو گی، اس ارینجمنٹ کی موجودگی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان سواپ لائن پر ٹرکش لیرا (TRY) نکلوا سکے گا اور پاکستان میں بینکوں کو فراہم کر سکے گا۔

جو امپورٹرز/ ایکسپورٹرز ٹرکش لیرا میں تجارت کر رہے ہیں بینک انہیں یہ سیالیت فراہم (on-lend) کرسکیں گے، میعاد کی تکمیل پر امپورٹر/ ایکسپورٹر قرض دینے والے بینک کو غیر ملکی کرنسی واپس کر ے گا جو متعلقہ مرکزی بینک کو یہ کرنسی لوٹا دے گا۔


منڈی کی شرح سود کے تعین میں شفافیت کو یقینی بنانے کی غرض سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ٹرکش لیرا کی قرضے کی سہولت کی مسابقتی نیلامیاں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت امپورٹ/ ایکسپورٹ کی فنانسنگ کیلیے تمام کمرشل بینک ٹرکش لیرا میں ایف ای25 ڈپازٹ وصول بھی کر سکیں گے اور ایف ای 25 قرضے جاری بھی کر سکیں گے۔

تاہم انہیں ایف ای 25 قرضوں/ ڈپازٹس پر لاگو ہونے والی اسٹیٹ بینک کی ہدایات پر عمل کرنا ہو گا، شیڈولڈ بینکوں کو ٹرکش لیرا میں رقم فراہم کرنے کیلیے تاکہ وہ ٹرکش لیرا میں بنیادی تجارتی دستاویزات کے حامل امپورٹر/ ایکسپورٹر کو ٹرکش لیرا on-lend کر سکیں اسٹیٹ بینک آف پاکستان سی بی آرٹی کے ساتھ سی ایس اے کے تحت نکلوائی گئی رقوم استعمال کرتے ہوئے ٹرکش لیرا کے قرضے کی سہولت کی مسابقتی نیلامیاں منعقد کرے گا۔

نیلامیوں میں شرکت کیلیے ٹرکش لیرا میں ایکسپورٹ یا امپورٹ بلز کا دستاویزی ثبوت جمع کرانا لازمی ہو گا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان سہ ماہی اور ششماہی میعاد کی، ٹرکش لیرا کی مسابقتی نیلامیاں 'مساوی نرخ' پر منعقد کرے

گا، تمام شیڈولڈ بینک ان نیلامیوں میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی روپے/ ٹرکش لیرا کے سواپ کے حوالے سے تفصیلات کے مطابق ٹرکش لیرا میں ضروری تجارتی دستاویزات کے حامل امپورٹرز لیٹر آف کریڈٹ کی میعاد کی تکمیل پر ٹرکش لیرا میں قرض لے کر بیرون ملک سپلائر کو ادائیگی کرے گا۔

مثال کے طور پر6 ماہ کیلیے قرض پر امپورٹر کو روپے کی لاگت پر بچت ہوگی اور 6ماہ بعد امپورٹر پاکستانی روپے کے عوض ٹرکش لیرا خریدے گا اور ٹرکش لیرا کا قرض ادا کردے گا، ٹرکش لیرا کی آن شور فنانسنگ سے امپورٹرز کو ٹرکش لیرا میں لیٹر آف کریڈٹ کھولنے کی ترغیب ملے گی جبکہ ٹرکش لیرا میں ضروری تجارتی دستاویزات کے حامل ایکسپورٹرز کنٹریکٹ طے پانے کے بعد ٹرکش لیرا میں قرض لے گا۔

پاکستانی روپے کے عوض ٹرکش لیرا فروخت کرے گا اور اپنے مقامی کاموں کیلیے پاکستانی روپیہ استعمال کرے گا، کنٹریکٹ کی میعاد کی تکمیل پر ایکسپورٹر بیرون ملک خریدار سے ٹرکش لیرا وصول کرے گا اور ملک کے اندر ٹرکش لیرا کے قرضے کی ادائیگی کرے گا۔ سرکلرکے مطابق تمام بینک اپنی کاروباری دستاویزات ٹرکش لیرا میں تیار کرنے کے اضافی آپشن کے بارے میں صارفین کو معلومات فراہم کریں۔

اسٹیٹ بینک بینکوں کی حوصلہ افزائی کرے گا کہ مقامی تجارتی اداروں کے ساتھ اس سلسلے میں اجلاس منعقدکیاجائے، تمام امپورٹرز اور ایکسپورٹرز سے بھی درخواست ہے کہ وہ اس بارے میں مزید تفصیلات جاننے کے لیے اپنے متعلقہ بینکوں سے رجوع کریں کہ وہ دوطرفہ تجارت کی مالکاری کیلیے ٹرکش لیرا کی سیالیت (liquidity) کس طرح بطور قرض لے سکتے ہیں۔
Load Next Story