کورونا وائرس کی ممکنہ خدشات اور حفاظتی اقدامات

سنسنی پھیلانے سے گریز کیا جائے،کورونا وائرس کے پیش نظر تمام تر حفاظتی انتظامات حکومتی سطح پرکیے جارہے ہیں۔


Editorial February 29, 2020
سنسنی پھیلانے سے گریز کیا جائے،کورونا وائرس کے پیش نظر تمام تر حفاظتی انتظامات حکومتی سطح پرکیے جارہے ہیں۔ فوٹو: فائل

کورونا وائرس کے حوالے سے ملک بھر میں عوامی سطح پر خوف کی لہر دوڑگئی ہے ،کیونکہ چین میں جنم لینے والا کورونا وائرس 44 ممالک تک پھیل چکا ہے۔ پاکستان کے تمام صوبوں میں معمولات زندگی میں افواہوں کی وجہ سے کافی فرق آیا ہے۔

سندھ کے وزیراعلیٰ نے صوبے میں کورونا سے نمٹنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی ہے، سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی ادارے بند ہیں، یونیورسٹیز نے بھی امتحانات ملتوی کیے ہیں، بازاروں میں ہوکا عالم ہے، جب کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مارکیٹ سے گرین ڈسپوزیبل ماسک غائب ہوچکے ہیں، منافع خوروں نے ستر سے اسی روپے فی پیکٹ فروخت ہونے والے ماسک کے ڈبے کی قیمت نو سو روپے کر دی ہے۔

ادھر ماسک اسپتالوں میں بھی غائب ہونے پر ڈاکٹرز نے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ماسک مارکیٹ میں مل ہی نہیں رہے، ہول سیلرز کے پاس اگر ماسک ہیں بھی تو90 روپے والا ماسک کا پیکٹ 900 روپے سے زائد قیمت میں مل رہا ہے۔

ادھر محکمہ صحت کی اس حوالے سے کوئی کارروائی اب تک سامنے نہیں آئی ہے جب کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ گرین ڈسپوزیبل ماسک عام حالات میں تو ٹھیک ہے تاہم کورونا یا دیگر وبائی امراض کے دوران این 95 ہی کی افادیت سامنے آئی ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ منافع خوروں کے خلاف فوری طور پر محکمہ صحت کوکریک ڈاؤن کرنا چاہیے۔ دوسری جانب پاک ایران بارڈر تفتان کے حفاظتی انتظامات کاجائزہ سرکاری حکام نے لیا ہے۔ ایرانی وزارت صحت نے زائرین کی اسکریننگ اور انھیں وہاں ایک ہفتہ تک زیرنگرانی رکھنے کی پیشکش کی ہے جب کہ بلوچستان کی صوبائی حکومت نے تفتان میں قرنطینہ،تفتان اور دالبندین میں آئسولیشن وارڈ کے قیام کے لیے دوسو ملین جاری کر دیے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا خوف یورپ تک جاپہنچا ہے، اٹلی کے ٹیلی وژن کے مطابق مدعو پاکستانی کراٹے کھلاڑی کو اپنے ملک آنے سے روک دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے حوالے سے اگر ہم عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں پر نظر ڈالیں تو سعودی عرب نے وبا کے تناظر میں عمرے کے ویزے کا اجراء معطل کر دیا ہے۔

زائرین کا داخلہ بند اور پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، پابندی سے رواں برس کے حج کی ادائیگی پر بھی سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔ پاکستان میں اس ضمن میں عوامی سطح پر سماجی شعور اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہم ان سطورکے ذریعے سوشل میڈیا کے صارفین سے گزارش کریں گے کہ سوشل میڈیا ذمے داری کا ثبوت دے، سنسنی پھیلانے سے گریز کیا جائے،کورونا وائرس کے پیش نظر تمام تر حفاظتی انتظامات حکومتی سطح پرکیے جارہے ہیں۔ عوام کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں