ضلع غربی کے بیشتر علاقوں میں آج پانی کی فراہمی بند رہے گی

بلدیہ ،شیرشاہ،پاک کالونی، پرانا گولیمار، ناظم آباد اور سائٹ میںرات 8بجے سے 24گھنٹوں کے لیے پانی کی بندش ہوگی


Staff Reporter November 26, 2013
واٹر بورڈ نے بجلی کی فراہمی تک شہر میں پانی کے ناغہ کا نظام نافذ کررکھا ہے۔ فوٹو: پی پی آئی /فائل

واٹر بورڈ کے مطا بق کے ای ایس سی کی جانب سے واٹر بورڈ کی تنصیبات پر روزانہ 4گھنٹے بجلی فراہم نہ کرنے کی وجہ سے روزانہ 20 کروڑ گیلن سے زائد پانی کی کمی ہورہی ہے ،پانچویں دن تک 90کروڑ گیلن سے زیادہ پانی کی قلت ہوچکی ہے ۔

واٹر بورڈ شہریوں کو 65کروڑ گیلن پانی روزانہ فراہم کرنے سے قاصر ہے ،اب صرف 45 کروڑ گیلن پانی فراہم کرنا ممکن ہے، کے ای ایس سی کے اس اقدام سے پانی کی کمی کے باعث شہر کے تمام علاقوں میں بحران پیدا ہوگیا ہے لہٰذا واٹر بورڈ نے بجلی کی فراہمی تک شہر میں پانی کے ناغہ کا نظام نافذ کررکھا ہے، پیر کو گلشن اقبال میں مکمل طور پر پانی بند رہا ،منگل کو پی اے ایف مسرور،بلدیہ، شیرشاہ، پاک کالونی ،پرانا گولیمار،ناظم آباد اور سائٹ میں رات 8بجے سے 24گھنٹوں کیلیے پانی کی سپلائی مکمل طور پر بند رہے گی۔



علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کو پانی فراہم کرنیوالے پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی منقطع کرنے کیخلاف کراچی واٹر بورڈ کی درخواست پر کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے ای ایس سی ) کو منگل کیلیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ،جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے پیر کو کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی درخواست کی فوری سماعت کی ،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کے ای ایس سی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر فاضل عدالت کے ایک حکم کی آڑ میں واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی منقطع کردی،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 28 فروری 2013 کے حکم کی واضح تشریح اور تبدیلی کی جائے اور کے ای ایس سی کو پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی منقطع کرنے سے روکا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں