منشیات خریدنے کیلیے موٹرسائیکلیں چرانے والے4 ملزم گرفتار

5موٹرسائیکلیں برآمد،ملزمان لوڈشیڈنگ کے دوران وارداتیں کرتے تھے،ایس ایچ او انضرعالم


Staff Reporter November 26, 2013
گرفتار ہونے والے 4 ملزمان چوری کی گئی موٹر سائیکل پاک کالونی ریکسر لائن میں گروہ کے سرغنہ ارشاد کو دیتے تھے ۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سپر مارکیٹ پولیس نے نشے کی لت پوری کرنے کے لیے موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے 4 ملزمان گرفتار کر کے 5 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق سپرمارکیٹ تھانے کے ایس ایچ او انضر عالم نے خفیہ اطلاع پر لیاقت آباد میں چھاپہ مار کر موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے گروہ کے 5 کارندوں فیضان ، اسلم پرویز ، اعجاز ، ارشاد اور شادو کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر 5 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ، انضر عالم نے بتایا کہ گرفتار ملزم ارشاد جس کی عمر 80 سال کے قریب ہے اس نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ 1977 سے 1982 تک ہیروئن کا نشہ کرتا تھا تاہم بعدازاں اس نے نشے کے ساتھ ساتھ پاک کالونی کے علاقے ریکسر لائن میں منشیات فروشی شروع کر دی ،وہ منشیات نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے خمیسو گوٹھ میں واقع منشیات کے اڈے سے خرید کر لاتا ہے۔



جو علاقہ پولیس کی سرپرستی میں چل رہا ہے جبکہ وہ لیاقت آباد کا رہائشی ہے ، انضر عالم نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں شامل شادو بھی لیاقت آباد کا رہائشی ہے اور اس کی عمر 75 سال کے قریب ہے اور وہ بھی موٹر سائیکلیں چوری کر کے اپنے نشے کی لت پوری کرتا تھا ، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے 4 ملزمان چوری کی گئی موٹر سائیکل پاک کالونی ریکسر لائن میں گروہ کے سرغنہ ارشاد کو دیتے تھے جس کے عوض انھیں ہیروئن کی 4 سے 5 پڑیاں ملتی تھیں جس سے وہ اپنا نشہ پورا کرتے تھے ، انضر عالم نے بتایا کہ ملزمان موٹر سائیکلیں چوری کرنے کے لیے اس وقت کا انتخاب کرتے تھے جب علاقہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تاریکی میں ڈوب جاتا تھا ،ملزمان نے درجنوں موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں