پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیس سامنے آگئے

صورت حال سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر کام ہورہا ہے، فردوس عاشق اعوان


ویب ڈیسک February 29, 2020
متاثرہ شخص کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ فوٹو، فائل۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں کورونا وائرس کے 2مزید کیس سامنے آنے کی تصدیق کردی ہے۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کراچی اور اسلام آباد میں کورونا وائرس سے ایک ایک کیس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ پہلے جن دو افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ان کی حالت میں بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ہسپتالوں کو خصوصی طور پر کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ہسپتالوں میں مزید بھرتیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زائرین کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے اور اس سلسلے میں ایران کے ساتھ طریقہ کار طے پاگیا ہے، کورونا کے خلاف ہم نے قبل ازوقت اقدامات کئے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا سے ڈرنا نہیں بلکہ اس سے لڑنا ہے۔ انہوں ںے بتایا کہ کورونا وائرس سے متعلق نیشل ایکشن پلان پر بات ہوئی ہے، اس سلسلے میں آج تمام اسٹیک ہولڈرز کا اہم اجلاس ہوا اور صوبوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کامیابی کے ساتھ پی ایس ایل بھی جاری ہے۔ کسی بھی غیر زمہ دارانہ بیان سے معاشی صورت حال متاثر ہوسکتی ہے، میڈیا سمیت سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ہفتے کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس ٹاسک فورس کا تیسرا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ کراچی میں سامنے آنے والے ایک اور متاثرہ شخص کے خاندان کے چار افراد کے ٹیسٹ کراولیے گئے ہیں اور انھیں آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کھارادر کے رہائشی متاثرہ مریض کی عمر 65 برس ہے اوروہ 20 فروری کو ایران سے کراچی پہنچا تھا۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کوایران سےآنے والےمزید افراد کی سخت اسکریننگ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری ، وزیر صحت، میئر کراچی، کورکمانڈر ودیگر حکام شریک شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 26فروری کو تصدیق ہونے والے کورونا وائرس کے دوکیسز میں سے بھی ایک کراچی اور دوسرا اسلام آباد میں سامنے آیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں