
ایکسپریس کے مطابق ملک بھر میں پولیو کے مزید کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، خیبر پختون خوا میں مزید دو اور سندھ میں ایک کیس سامنے آگیا۔ پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پولیو کے جو دو نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، دونوں متاثرہ بچوں کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔
پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق ضلع کرک کے علاقے تخت نصرتی کی یونین کونسل ایس جی خان کے 14 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ بچے نے پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پیئے تھے، دونوں کیسز کے بعد رواں سال صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب صوبہ سندھ سے پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے، جس میں 28 ماہ کا بچہ وائرس سے متاثر ہوا، انسداد پولیو سیل کے مطابق سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے رہائشی 28 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، والدین کے مطابق بچے نے پولیو وائرس سے بچاؤ کی 7 خوراکیں لے رکھی ہیں اس حوالے سے تفتیش جاری ہے، نیا کیس رجسٹرڈ ہونے کے بعد سندھ میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 7 ہوگئی۔
رواں سال ملک بھر میں مجموعی طور پر 23 پولیو وائرس کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، گزشتہ سال 2019 میں پولیو وائرس کے 146 کیس ملک بھر سے جب کہ سندھ سے 30 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔