کورونا وائرس چین میں مزید 47 افراد ہلاک امریکا میں پہلی ہلاکت کی تصدیق

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 86 ہزار افراد متاثر اور 2942 افراد ہلاک ہوچکے ہیں


ویب ڈیسک February 29, 2020
عالمی ادارہ صحت نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اثرات میں انتہائی حد تک اضافہ ہوگیا ہے (فوٹو : انٹرنیٹ)

چین میں کورونا وائرس سے مزید 47 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 2835 ہوگئی جب کہ امریکا میں بھی ہفتے کو کورونا وائرس سے پہلا مریض ہلاک ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں ہفتے کو مزید 47 افراد کورونا وائرس کے سبب موت کا شکار ہوگئے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ ایک شخص بیجنگ میں اور ایک شخص صوبہ ہینان میں ہلاک ہوا جب کہ 45 ہلاکتیں صوبہ ہوبی میں ہوئیں جن میں 37 افراد کا تعلق ہوبی کے شہر ووہان سے ہے۔

چینی عہدے دار نے مزید بتایا کہ ہفتے کو 427 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد چین میں مجموعی پر اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 79 ہزار 251 اور ہلاک افراد کی تعداد 2835 ہوگئی ہے۔

ساؤتھ کوریا میں 813 نئے کیسز رپورٹ

چین سے باہر ساؤتھ کوریا کورونا وائرس کا سب سے بڑا شکار ملک نکلا جہاں اب تک 16 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، 813 نئے کیسز سامنے آئے اور وہاں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 3 ہزار 150 ہوگئی۔

اٹلی میں 8 ہلاک، تعداد 29 ہوگئی

اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 8 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 29 ہوگئی، ہفتے کو 307 مزید نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 128 ہوگئی۔

ضرور دیکھیں : کورونا وائرس سے کتنے ممالک متاثر؟ براہ راست دیکھیے

امریکا میں کورونا کا پہلا مریض ہلاک

دریں اثنا امریکا میں کورونا وائرس سے پہلا مریض ہلاک ہوگیا، حکومت نے اس بات کی تصدیق کردی۔ امریکی وزارت صحت کے ترجمان جیمی نکسن کے مطابق متاثرہ شخص واشنگٹن کے علاقے کنگ کاؤنٹی کا رہائشی تھا۔ سرکاری طور پر مریض سے متعلق مزید تفصیلات بیان نہیں کی گئیں تاہم حکومت عہدے داران جلد اس ضمن میں پریس کانفرنس کریں گے۔

امریکا ہرقسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ٹرمپ نے بھی واشنگٹن میں کورونا وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ہرقسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے جب کہ چین بھی کورونا کے خلاف اچھے اقدامات کررہا ہے۔

کورونا کے پھیلاؤ میں انتہائی حد تک اضافہ الارمنگ ہے، عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے دنیا میں پھیلنے کے خطرے اور کورونا کے اثرات میں انتہائی حد تک اضافہ ہوگیا ہے جو کہ دنیا کے لیے الارمنگ ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 86 ہزار افراد متاثر اور 2942 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد میں سے 39 ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔