صفائی و احتیاطی تدابیر ہی کورونا وائرس سے بچاؤ کا راستہ ہے

کوروناوائرس سے شہری پریشان نہ ہوں،کوروناعام جراثیم ہے،سردموسم میںاثردکھاتاہے،صفائی رکھ کراس کاتدارک کیاجاسکتاہے


Staff Reporter March 01, 2020
بقائی کے فاطمہ اسپتال میں علیحدہ وارڈ قائم کردیا،کوروناسے متاثرہ فردآرام کرے تواسپتال سے بہترنتائج برآمدہونگے،پروفیسرجمیل۔ فوٹو: فائل

کورونا وائرس سے شہریوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، شہری افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ اس مشکل گھڑی میں قومی سطح پر معالج اپنا کردار ادا کریں۔

بقائی میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر افتخار احمد صدیقی نے بقائی میڈیکل یونیورسٹی میں کورونا وائرس کی علامات اور بچاؤ کی تدابیر پر عمل کرنے کے لیے ہنگامی آگاہی پروگرام میں کہا کہ کورونا عام جراثیم ہے جو سرد موسم میں ابھر کر اپنا اثر دکھاتا ہے، روزمرہ اور معمول کی صفائی اپناکر اس کا تدارک کیا جاسکتا ہے، کورونا کوئی نیا جراثیم نہیں ہے نزلہ، کھانسی کی وجہ سے ہونے والا جراثیمی عمل ہے، شہری احتیاط کے شعور کو اجاگر کرکے کورونا وائرس سے نجات پاسکتے ہیں۔

ڈین فیکلٹی آف میڈیسن اور ایم ا یس فاطمہ اسپتال پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ کورونا کا جراثیم 19ویں صدی میں دریافت ہوا تھا یہ موروثی جراثیم ہے احتیاطی تدابیر سے اس پر قابو پایا جاسکتا ہے، انفلوئنزا کی طرح اس میں بھی احتیاط کی ضرورت ہے، گڈاپ کے لوگوں کے لیے بقائی یونیورسٹی کے فاطمہ اسپتال میں علیحدہ وارڈ قائم کردیا گیا ہے کورونا سے متاثرہ فرد گھر میں آرام کرے تو اسپتال سے بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔

ڈاکٹر آف فیملی میڈیسن ڈاکٹر فیصل صدیقی نے کہا کہ کورونا کوئی نیا جرثومہ نہیں ہے نزلہ، کھانسی کی وجہ سے ہونے والا جراثیمی عمل ہے اس کی ابتدا گلے کی سوجن سے اور درد سے ہوسکتی ہے اس انفیکشن سے بخار بھی ہوسکتا ہے، کمزور اور نحیف افراد اور بچوں کے علاوہ سانس کے مریضوں پر کورونا کے جراثیم کا حملہ زیادہ ہوتا ہے، حفظان صحت کے اصولوں اور ضابطوں کا خیال رکھیں تو پریشانی سے بچا جاسکتا ہے، ڈاکٹر خوش بخت نے کہا کہ کورونا سے تحفظ کے لیے عالمی ادارہ صحت کا بتایا ہوا گولڈ ٹیسٹ کرایا جائے۔

انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز میں ایم پی ایچ پروگرام کے استاد ڈاکٹر ظفر اقبال حیدری نے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے ہم لوگوں میں احتیاط کے شعور کو اجاگر کرکے کورونا وائرس سے نجات پاسکتے ہیں، کورونا وائرس سے نجات حاصل کرنے کے لیے ماہرین طب اور ڈاکٹر سرکاری اور غیر سرکاری طور پر کام کررہے ہیں ہم سب کا ہے کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو خوف سے نجات دلائیں، موجودہ حالات میں آپس میں مصافحہ اور معانقہ سے گریز کیا جائے کھانسی کی صورت میں منہ ڈھانپ کر کھانسیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں