کراچی آپریشن سیاسی وابستگیوں سے قطع گرفتار ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے وزیراعظم

سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات دوسرے صوبوں میں چلائے جائیں، وزیر اعظم نواز شریف


ویب ڈیسک November 26, 2013
وزیر اعظم نواز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے ان کا استقبال کیا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

گورنر ہاؤس کراچی میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت امن وامان کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری سندھ نے وزیر اعظم کو شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس کے دوران غیر قانونی سموں کی بندش اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات دوسرے صوبوں میں چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر گرفتار ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ٹارگٹڈ کارروائیوں سے عوام کا اعتماد بحال اور جرائم میں کمی آئی ہے، اجلاس میں آپریشن جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس سے قبل جب وزیر اعظم نواز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے ان کا استقبال کیا، وزیر اعظم نے اجلاس سے قبل چین کے تعاون سے قائم کئے جانے والے ایٹمی بجلی گھر کا سنگ بنیاد رکھا۔

واضح رہے کہ نواز شریف کا وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد کراچی میں قیام امن کے لئے کی جارہی کوششوں کے حوالے سے یہ تیسرا دورہ ہے، اس سے قبل 2 دوروں میں وزیراعظم نے قیام امن کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں