کورونا سے متاثرہ 65 سالہ شہری کے اہل خانہ محفوظ نکلے

کورونا وائرس کے پہلے شکار یحییٰ جعفری سے متعلق وی سی جامعہ کراچی کا بیان درست نہیں، سیکریٹری صحت


Staff Reporter March 01, 2020
کورونا وائرس کے پہلے شکار یحییٰ جعفری سے متعلق وی سی جامعہ کراچی کا بیان درست نہیں، سیکریٹری صحت (فوٹو : فائل/ نیوز ایجنسی)

کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ 65 سالہ مریض کے اہل خانہ مرض سے محفوظ نکلے، ان کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آگئے، محکمہ صحت سندھ نے چاروں افراد کو گھر میں رہنے کی ہدایت کردی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق سول اسپتال کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ 65 سالہ مختار کے اہل خانہ کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے ہر انہیں کلئیر قرار دے کر گھر کے لیے روانہ کردیا گیا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق اہلِ خانہ کے چاروں مشتبہ افراد کو احتیاطی تدابیر بتادی گئیں ہیں اور گھر بھیج دیا گیا ہے، چاروں افراد کو گھر میں رہنے اور کوئی بھی علامات ظاہر ہونے پر محکمہ صحت سندھ سے فوری طور پر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔

یہ پڑھیں : کورونا وائرس کا خطرہ؛ سندھ بھر کے تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان

کراچی میں کورونا وائرس کے دوسرے مریض کھارادر کے رہائشی 65 سالہ مختار سول اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں جبکہ کورونا وائرس سے پہلا متاثرہ 22 سالہ یحیی جعفری آغا خان اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق اسکیم 33 کے رہائشی 22 سالہ نوجوان یحییٰ جعفری کی طبیعت میں روز بہ روز بہتری آرہی ہے، جسے جلد ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا بیان حقائق پر مبنی نہیں، محکمہ صحت سندھ

دریں اثنا محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں ظاہر ہونے والے پہلے کورونا وائرس کے متعلق میڈیا میں چلنے والے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے بیان کی تردید کردی۔ سیکریٹری صحت سندھ زاہد عباسی نے کہا ہے کہ وائس چانسلر جامعہ کراچی کی جانب سے یحییٰ جعفری کے متعلق دئیے جانے والے بیان میں صداقت نہیں، ایران سے سفر کر کے آنے والے نوجوان کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر ہی اسے علاج کے لیے آئیسولیشن میں رکھا گیا تھا۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ نوجوان کے کل ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے، اس لیے وہ زیر علاج ہے، نوجوان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ نتائج منفی آنے پر ہی اسے اسپتال سے فارغ کیا جائے گا، نوجوان کے خاندان کے دیگر افراد کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : کورونا وائرس خطرے کے باعث پاک افغان بارڈر بند کرنے کا فیصلہ

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کی صحت میں بہتری آرہی ہے، محکمہ صحت سندھ معلومات فراہم کرنے میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے، صورتحال کے متعلق عوام کو میڈیا کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جارہا ہے، میڈیا سے درخواست ہے کہ کورونا وائرس پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ کراچی کے دونوں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں نے ایران کا سفر کیا تھا اور وہیں سے انہیں کورونا وائرس لاحق ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔