نیب کا اپنے ہی سربراہ چوہدری قمرزمان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل

آرٹیکل 6 سی کے تحت چیرمین نیب کی غیر موجودگی میں ان کے سارے اختیارات ڈپٹی چیئرمین سعیدسرگانہ کو حاصل ہوگئے ہیں


ویب ڈیسک November 26, 2013
سپریم کورٹ نے این آئی سی ایل کیس میں چوہدری قمر زمان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ فوٹو: فائل

نیب نے این آئی سی ایل کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت جن افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ان میں ادارے کو موجودہ سربراہ چوہدری قمر زمان بھی شامل ہے اور اس سلسلے میں ڈپٹی چیئرمین نیب سعیدسرگانہ نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے این آئی سی ایل کیس کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے والے جن افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے ان میں سابق وفاقی سیکریٹری داخلہ اور موجودہ چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان بھی شامل ہیں جو اس وقت 3 ہفتوں کی چھٹیوں پر ہیں۔ ادارے نے عدالتی احکامات کی روشنی میں موجودہ چیئرمین نیب کے خلاف کارروائی کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے تاکہ سپریم کورٹ کی جانب سے این آئی سی ایل کیس کے فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بناجاسکے۔

چوہدری قمر زمان عدالتی فیصلے کے بعد چھٹیوں پر ہیں اور اپنی غیر موجودگی میں قانون کے مطابق تمام اختیارات ڈپٹی چیئرمین سعید احمد سرگانہ کو سونپ دیئے، جنہوں نے قائم مقام کا عہدہ سنبھالنے کا نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے کے باوجود اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ہی چیئرمین کے خلاف مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

واضح رہے کہ چوہدر قمر زمان پر الزام ہے کہ وہ سیکریٹری تجارت کی حیثیت سے ایاز نیازی کی بحیثیت چیئرمین این آئی سی ایل تقرری میں شامل رہے جبکہ سیکریٹری داخلہ کی حیثیت سے انہوں نے کیس کی تفتیش میں رکاوٹیں ڈالیں، جس کی وجہ سے سپریم کورٹ نے نیب کو ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں