‎چور حکومت کے جھوٹے وزیر ایک دوسرے کو جھوٹا اور فراڈ قرار دے رہے ہیں رانا ثنااللہ

‎فردوس عاشق اعوان ‎نواز شریف کی صحت پر سیاست کے بجائے معیشت اور ملک و قوم پر توجہ دیں، رہنما (ن) لیگ


ویب ڈیسک March 02, 2020
‎فردوس عاشق اعوان ‎معیشت اور ملک و قوم پر توجہ دیں، رہنما (ن) لیگ رہنما ن لیگ۔ فوٹو : فائل

رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ چور حکومت کے چور اور جھوٹے وزیر ایک دوسرے کو چور، جھوٹا اور فراڈ قرار دے رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ‎چور حکومت کے چور اور جھوٹے وزیر ایک دوسرے کو چور، جھوٹا اور فراڈ قرار دے رہے ہیں، یہ ملکی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جو اپنی ہی حکومت کو چور اور فراڈ قرار دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نیازی کی طرح ان کے ترجمان بھی سکہ بند جھوٹے، فنکار اور جعلساز ہیں، جس حکومت کا وزیراعظم چور، ڈاکو اور کرپٹ ہو اُس کو اُس کے کرائے کے ترجمان جھوٹا اور فراڈ ہی کہیں گے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ پنجاب کی وزیر صحت ‎ڈاکٹر یاسمین راشد نے فردوس عاشق اعوان کو جھوٹا قرار دے دیا ہے، ‎فردوس باجی جیلوں میں انہیں بند کرائیں جنہوں نے عوام کے پیسے سے خریدی گئی بسیں چوری کیں، وہ ‎آٹا، چینی، گندم اور دوائی چور وزیروں کو جیلوں میں ڈالیں، ‎ان کے بقول بجلی گیس کے بلوں میں ڈاکہ ڈالا گیا تو اپنے اُن وزیروں کو کب جیل میں ڈالیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ‎فردوس عاشق اعوان کی طبیعت اس وقت سے خراب ہے جب سے مسلم لیگ (ن) کا دروازہ ان پر بند ہوا، وہ ‎نواز شریف کی صحت پر سیاست کے بجائے معیشت اور ملک و قوم کی صحت پر توجہ دیں، ‎نواز شریف قانونی حکم پر اور تمام قانونی تقاضے پورے کرکے بیرون ملک علاج کے لئے گئے، ان کی جانب سے ‎قانون اور عدالت کے حکم کی مکمل پاسداری کی جارہی ہے، تمام رپورٹس طے شدہ طریقے کے مطابق جمع کرائی گئی ہیں۔

سابق وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ عمران نیازی کو جتنی مرضی تکلیف ہو، نوازشریف کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ‎انشاءاللہ صحت مند ہونے پر نوازشریف عوام میں واپس آئیں گے، ‎جیل میں انہیں ہونا چاہیے جنہوں نے غیر قانونی فارن فنڈنگ سے اربوں روپے لے کر ملک کی معیشت ، کاروبار اور روزگار تباہ کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔